آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت بحال، ایران امریکا معاہدے پر پیش رفت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمد و رفت بحال ہونا شروع ہوگئی ہے اور کئی بحری جہاز، جن میں تیل بردار ٹینکرز بھی شامل ہیں، اس اہم آبی گزرگاہ کو عبور کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز عبور کرنے والے جہاز جنوب کے محفوظ علاقوں کی جانب رواں دواں ہیں، جبکہ تجارت کے لیے دیگر متبادل راستے بھی دستیاب ہیں، ایران کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے، جو اسرائیلی وزیراعظم کی مخالفت کے باوجود ممکن ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران حتمی جوہری معاہدے تک نہ پہنچا تو دوبارہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک آئل ٹینکر نے حالیہ پیش رفت کے بعد آبنائے ہرمز عبور کی ہے، رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاناما کے پرچم بردار مال بردار جہاز ’’ایم ڈی ایل کامران‘‘ نے 11 جون کو امام خمینی بندرگاہ سے سفر شروع کیا اور ٹریکر بند کر کے آبنائے ہرمز عبور کرنے کے بعد دوبارہ اپنا ٹریکر آن کیا،یہ جہاز اس وقت عمان کی شناس بندرگاہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کا مسودہ اسی ہفتے جاری کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ دو مراحل پر مشتمل تصدیقی عمل پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق مختلف تفصیلات ابھی طے کی جا رہی ہیں اور مشرق وسطیٰ کے مذاکراتی عمل میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے مسودے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس پر دستخط جمعہ کو جنیوا میں متوقع ہیں۔ ان کے مطابق ایران اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ آبنائے ہرمز کو محفوظ تجارتی راستہ بنانے کے اقدامات کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ معاہدے کے تحت مالی معاملات، منجمد اثاثوں کی بحالی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی جیسے امور پر بھی پیش رفت متوقع ہے، تاہم امریکا کو ایرانی عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا، جو 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے اس پیش رفت کو سفارتکاری اور مکالمے کی فتح قرار دیا۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور دیگر حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا؛فیصل واوڈا