چکوال :سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے بچی کی ہلاکت، واقعہ ابتدائی غلط فہمی قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اسرار خان ) چکوال میں سی سی ڈی اہلکاروں کی فائرنگ سے بچی کی ہلاکت کے واقعے پر سی سی ڈی ہیڈکوارٹرز ٹاؤن شپ لاہور میں پریس بریفنگ دی گئی، پریس بریفنگ ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن لاہور شاہ میر خالد نے دی، جس میں واقعے کی ابتدائی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق چند روز قبل چکوال کے تھانہ کے قریب ایک فیملی کے ساتھ مبینہ واردات جاری تھی کہ اسی دوران سی سی ڈی اہلکاروں نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔ اس دوران مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔
حکام کے مطابق سی سی ڈی اہلکاروں نے غلط فہمی کی بنیاد پر متاثرہ فیملی کی گاڑی پر فائرنگ کی، کیونکہ انہیں شبہ تھا کہ ڈاکو گن پوائنٹ پر گاڑی چھین کر فرار ہو رہے ہیں۔
پریس بریفنگ میں بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی، اور اہلکاروں کو تربیت کے مطابق گاڑی کے ٹائروں پر فائر کرنا چاہیے تھا۔
حکام کے مطابق غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں۔
سی سی ڈی حکام نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور انہوں نے اب تک کی تحقیقات اور پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ قانونی کارروائی کے لیے گرفتار اہلکاروں کا چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ حکام نے کہا کہ ادارہ متاثرہ خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہے اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا؛فیصل واوڈا