کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، 5 مشتبہ دہشتگرد گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز )محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے کراچی کے دو مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 5 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے عمران خان، ظہیر احمد اور محمد ریاض شامل ہیں، جبکہ دو دیگر ملزمان حجت اللہ اور حبیب اللہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کا تعلق فتنہ الخوارج سے منسلک ایک گروہ سے ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 5 عدد 30 بور پستول، گولہ بارود اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش کے دوران اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر اپنے کمانڈرز کی ہدایت پر مختلف حساس مقامات کی ریکی کی تھی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم ظہیر احمد نے 2024 میں بلوچستان میں ہونے والے ایک آئی ای ڈی دھماکے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے اور اس نے مبینہ طور پر بی ایل اے کے تربیتی کیمپ سے تربیت بھی حاصل کی تھی۔
حکام کے مطابق دیگر گرفتار ملزمان نے 2024 میں افغانستان میں تربیت حاصل کی اور حال ہی میں کراچی کے مختلف حساس مقامات اور سرکاری دفاتر کی ریکی کر کے معلومات اپنے ہینڈلرز کو فراہم کیں، سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانے میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا؛فیصل واوڈا