علی امین گنڈاپور نے عوامی دباؤ پر یوٹرن لیا،فیصل چوہدری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) رہنما فیصل چودھری نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے 90 روز ہ احتجاج کے موقف پرعوامی تنقید کے بعد یوٹرن لے لیا۔
24نیوز کے پروگرام ’دستک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو پارٹی کی جانب سے احتجاج ہونا ہے یا دھرنا، اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو علی امین گنڈاپور پر کسی قسم کا عدم اعتماد نہیں ہے۔
علی امین گنڈاپور کی جانب سے 90 روزہ احتجاج کی بات پر فیصل چوہدری کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے 90 روز ہ احتجاج کے موقف پرعوامی تنقید کے بعد یوٹرن لے لیا ۔ انہوں نے عالیہ حمزہ اور شیخ وقاص اکرم میں کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے دونوں کارکنان کو اپنے نامناسب رویے پر معافی مانگنا ہوگی جبکہ عالیہ حمزہ سے اس قسم کے رویے کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔
لاہور جلسے کے حوالے سے فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے کہ لاہور کا ایونٹ کامیاب تھا لیکن مجھے اس بات کی سمجھ نہیں آئی۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں چینی سکینڈل پر بات کرتے ہوئے،پارلیمانی سیکرٹری کھیل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت مکمل مشاورت کے بعد دی گئی تھی، اور اگر ہم چینی ایکسپورٹ نہ کرتے تو ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ ہوجاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت کے مطابق چینی امپورٹ کی جارہی ہے اور اس فیصلے سے قومی خزانے پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
کھیل داس کوہستانی نے واضح کیا کہ چینی کی ایکسپورٹ یا امپورٹ کا مقصد کسی مخصوص مل مالک کو ریلیف دینا نہیں بلکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو چینی سستی ملے، اسی لیے یہ اقدامات کر رہے ہیں۔لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو ماضی کی طرح ناراض نہیں کریں گے بلکہ انہیں ساتھ لے کر چلیں گے، تاکہ معیشت مستحکم رہے اور فیصلوں کے اثرات دیرپا ہوں۔ کھیل داس کوہستانی کے بقول، ہماری ترجیح کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ پورے ملک کا فائدہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈسپلے سنٹرز پر بے ضابطگیوں کی شکایات پر4 جیل اہلکار معطل