پی آئی اے کی جدہ پہنچنے والی پرواز میں آگ کی اطلاع، مسافروں کا ہنگامی اخراج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) پی آئی اے کی کراچی سے جدہ پہنچنے والی پرواز میں دوران پارکنگ انجن نمبر دو میں آگ کی اطلاع ملنے پر مسافروں نے ہنگامی اخراج کیا، تاہم پی آئی اے ترجمان نے آگ لگنے کی تردید کردی۔
ذرائع کے مطابق ائیر بیس طیارے کو جدہ ائیرپورٹ کے پارکنگ اسٹینڈ پر پارکنگ کے دوران مذکورہ واقعہ پیش آیا جہاں انجن میں آگ کی اطلاع پر پائلٹ نے ہنگامی انخلا کا عمل شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مسافروں کو ہنگامی اخراج کے راستوں سے سلائیڈز کھول کر بحفاظت باہر نکال لیا گیا ،اس دوران چند مسافروں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں، مسافروں کو طبی معائنے اور علاج کے لیے جدہ ائیرپورٹ کے کلینک منتقل کیا گیا۔
جدہ ائیرپورٹ کے فائر شعبے کے حکام بھی فوری فائربریگیڈ کے ہمراہ طیارے کے پاس پہنچے جہاں پی آئی اے جدہ حکام نے ائیرپورٹ کے تمام حکام اور سکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو فوری طور پر مطلع کیا جب کہ جدہ ائیرپورٹ حکام نے پی آئی اے کے عملے سے معاملے کے متعلق پوچھ بھی کی۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کی جدہ ائیرپورٹ پر نارمل لینڈنگ ہوئی، طیارہ جیٹی پر لگا تھا اس دوران گراؤنڈ اسٹاف نے طیارے کے ایک انجن میں آگ کا شبہ ظاہر کیا، پائلٹ نے ایس او پی کے تحت مسافروں کو باہر نکالنے کے لیے طیارے کے ایمرجنسی سلائیڈز (شوٹ) کھولے،کچھ مسافر جیٹی کے ذریعے طیارے سے باہر آئے اور باقی مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے باہر نکالا گیا جب کہ کارروائی کے دوران کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف برطانیہ کے دورے پرروانہ
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد آگ کا شبہ غلط ثابت ہوا، متاثرہ طیارے کی جدہ لاہور پرواز 20 سے 22 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، جدہ لاہور پرواز کے 40 مسافروں کو ہوٹل بھیج دیا گیا جبکہ باقی مسافر گھر چلے گئے۔