اڈیالہ جیل کے گیٹ پر پی ٹی آئی رہنما لڑ پڑے، فواد کے تھپڑ سے شعیب شاہین گر پڑے
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ارشاد قریشی)راولپنڈی میں موجود اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر دو پی ٹی آئی رہنما آپس میں لڑ پڑے،،فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مارا جس کے بعد وہ زمین پر گر پڑے۔
دونوں فریقین کے درمیان لڑائی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر ہوئی، زبردست تلخ کلامی کی وجہ سے بات لڑائی تک جا پہنچی، جس کے بعد فواد چودھری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا،شعیب شاہین تھپڑ کھانے کے بعد زمین پر گر گئے۔
فواد چودھری نے شعیب شاہین سے کہا تم ایجنسیوں کے ٹاوٹ ہو،شعیب شاہین نے فواد چودھری سے کہا اپنے کام سے کام رکھو۔
موقع پر موجود جیل عملے نے بیچ بچاؤ کیا،جیل عملے نے دونوں کو ایک دوسرے سے چھڑایا۔
جھگڑے کے بعد فواد چودھری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے،شعیب شاہین کو زمین پر گرنے کے باعث بازو پر چوٹ آئی،دونوں رہنماؤں کے درمیان جھگڑے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی۔
جوبھی اختلافات ہوں وہ زبانی کلامی ہونے چاہئیں:نادیہ خٹک
اس حوالے سے پی ٹی آئی ورکر نادیہ خٹک نے بتایا کہ شعیب شاہین کوفواد چودھری نےمارا اور وہ زمین پرگرگئے، جوبھی اختلافات ہوں وہ زبانی کلامی ہونے چاہئیں، مارنا نہیں چاہیے تھا شکر ہے شعیب شاہین کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی لیکن شعیب شاہین کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے۔
لڑائی کی شکایت عمران خان نے سن کر بھی اَن سُنی کردی
علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی لڑائی کی شکایت عمران خان نے سن کر بھی اَن سُنی کردی۔
ذرائع کے مطابق شعیب شاہین نے فواد چوہدری کی جانب سے تشدد کی شکایت بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کی۔ انہوں نے عدالت میں فواد چوہدری کی موجودگی میں عمران خان سے شکایت کی۔
شعیب شاہین نے بتایا کہ مجھے جیل کے گیٹ نمبر 5پر جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے جھگڑے میں زمین پر گرنے سے ہاتھ پر ہونے والا زخم بھی بانی پی ٹی آئی کو دکھایا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شکایت سننے کے بعد کہا اوہو! وہ انسانی حقوق کی پٹیشن کا کیا کیا ہے۔ عدالت میں بانی پی ٹی آئی نے شعیب شاہین کی شکایت کو سنی ان سنی کردی۔
قانونی کارروائی نہیں، فواد چودھری کو جواب دونگا،کوئی راضی نامہ نہیں ہوا: شعیب شاہین
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر شعیب شاہین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر اعلانیہ مارشل لاء ہے،پاکستان میں نظام انصاف ختم ہوچکا ہے۔26 ویں آئینی ترمیم کے بعد عوام کی امید ختم ہوچکی ہے،عوام اور فوج کے درمیان خلیج کی وجہ اسٹیبلشمنٹ ہے۔
بیرسٹر شعیب شاہین نے مزید کہا کہ عوام میں مایوسی پھیلتی جارہی ہے،فواد چودھری کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں،فواد چودھری اسٹیبلشمنٹ کا ٹاوٹ ہے انکی معاشرے میں کوئی عزت نہیں،فواد چودھری کو اسکی حرکت سے بڑھ کر جواب دیا ہے،فواد چودھری ہماری پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہا ہے،میرا کوئی راضی نامہ نہیں ہوا ،فواد چودھری پلاننگ کرکے آیا تھا اس نے مجھ پر حملہ کیا ہے۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے فواد چودھری کی حرکت کی شدید مذمت کی ،میں فواد چودھری کیخلاف قانونی کارروائی نہیں کرونگا میں اسکو جواب دونگا۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر شعیب شاہین اور فواد چوہدری کے درمیان لڑائی ہوئی، جس میں فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مارا، جس سے وہ نیچے گر گئے اور انہیں زخم بھی آیا۔
خیال رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں جی یچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی فواد چوہدری کا اینکر پرسن مبشر لقمان اور سمیع ابراہیم کے ساتھ جھگڑا ہو چکا ہے۔