بدترین مہنگائی،ملک تیزی سےدلدل میں پھنستا جا رہا ہے:عمران خان

Feb 15, 2023 | 19:56:PM
بدترین مہنگائی،ملک تیزی سےدلدل میں پھنستا جا رہا ہے:عمران خان
کیپشن: چیئرمین  تحریک انصاف عمران خان (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین  تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد مہنگائی مزید ہو گی جس میں صرف غریب پسیں گے، پاکستان تیزی کے ساتھ دلدل میں پھنستا جا رہا ہے۔

ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین  تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ منی بجٹ کے بعد مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھےگا، جب سے ہماری حکومت ہٹائی گئی تب سے کہہ رہا ہوں الیکشن کرائے جائیں، الیکشن کےعلاوہ کوئی حل نہیں ہے، میں نے کہا تھا اس حکومت سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا، میں نے کہا تھا چوروں کا پلندہ ملک نہیں سنبھال سکے گا، پاکستان کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ ہونا ہی تھا، پاکستان کا ڈیفالٹ رسک آج سری لنکا کی سٹیج پر پہنچ گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ملک ٹھیک نہیں ہو گا کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد مزید مہنگائی ہو گی، تنخواہ دار طبقے کا برا حال ہے،پی ڈی ایم والے 4 روپے پٹرول کی قیمت بڑھنے پر مہنگائی مارچ کرتے تھے، کانپیں ٹانگنے والا، مولانا فضل الرحمان نے مہنگائی مارچ کئے، مریم نواز کا مہنگائی مارچ کہیں راستے میں رہ گیا تھا، ہمارے دور میں آٹا 60 اور آج 135 روپے کلو ہو گیا، گھی 335 روپے سے آج 700 روپے کلو ہو گیا ہے، آج دالیں 250 سے 400 روپے کلو تک ہو گئی ہیں۔

ہمارے دور میں چار فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، یوریا ہمارے دور میں 1650 اور آج 3 ہزار تک پہنچ گیا، ہمارے دور میں سریا کی قیمت 2 لاکھ ٹن آج 3 لاکھ پانچ ہزار تک پہنچ گئی، سریا کی قیمت بڑھنے سے شوکت خانم ہسپتال کی لاگت بھی بڑھے گی، سیمنٹ، سریا کی قیمتیں بڑھنے سے گھروں کی لاگت میں اضافہ ہوگا،ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور قلت آگئی ہے، ادویات کی قلت سے ہسپتال متاثر ہو رہے ہیں۔

منی بجٹ کے بعد بجلی، گیس کے بلوں میں اضافہ ہو گا، سیلز ٹیکس بڑھانے سے ہر چیز مہنگی ہو گی، یوریا کیلئے گیس کی قیمت 70 فیصد بڑھا دی گئی ہے، بجلی پر بھی سبسڈی ختم کر دی گئی ہے، منی بجٹ کے بعد مزید مہنگائی بڑھے گی۔