OIC کامسٹیک ٹیم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ذیلی ادارے کامسٹیک (COMSTECH) کی ایک ٹیم نے حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لیے مشترکہ ریلیف آپریشن کا آغاز کیا ہے۔
اس سلسلے میں، کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد کے کوآرڈینیٹر/فوکل پرسن برائے آؤٹ ریچ و میڈیا، جناب محمد مرتضیٰ نور کی سربراہی میں ایک ٹیم نے جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی اور خیرپور ٹامیوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر کومیسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس کے عملے اور الخدمت فاؤنڈیشن نے بھی ٹیم کا ساتھ دیا۔
ریلیف قافلے میں بنیادی اشیائے ضرورت بشمول خوراک، صاف پانی، ادویات، میڈیکل کٹس اور رضاکار شامل تھے۔
مزید پڑھیں:سیلاب کے بعد امدادی ضروریات اور فنڈز کا تخمینہ لگایا جائے گا:آئی ایم ایف
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنے اظہارِ یکجہتی کے پیغام میں کہا کہ او آئی سی کی معاونت سے کامسٹیک پاکستان کے عوام کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں پوری مضبوطی سے کھڑا ہے، ہم اپنے تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر رہے ہیں تاکہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کی جا سکے، اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
اس سے قبل جاری ریلیف آپریشن کے دوران، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے اشتراک سے، چنیوٹ کے مضافاتی علاقوں میں درجنوں خاندانوں کو راشن بیگز، صاف پانی، بنیادی غذائی اشیاء اور طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔