مسافروں کے لیے جیب میں انٹرنیٹ، جدید ڈیوائسز نے سہولت بڑھا دی

Jun 14, 2026 | 12:04:PM
 مسافروں کے لیے جیب میں انٹرنیٹ، جدید ڈیوائسز نے سہولت بڑھا دی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)دنیا بھر میں سفر کرنے والے افراد کے لیے مستقل اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ تک رسائی اب پہلے سے زیادہ ضروری ہو گئی ہے کیونکہ کام، حفاظت اور رابطے کی ضرورت ہر وقت برقرار رہتی ہے،اسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پورٹیبل وائی فائی ڈیوائسز ایک آسان، چھوٹا اور نسبتاً کم خرچ حل کے طور پر سامنے آئی ہیں جو روایتی موبائل ہاٹ اسپاٹ کے مقابلے میں زیادہ موثر سمجھی جاتی ہیں۔

سفر کے دوران انٹرنیٹ نہ صرف معلومات تک رسائی کے لیے ضروری ہوتا ہے بلکہ جی پی ایس، آن لائن کام اور فوری رابطے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتا ہے،اس صورتحال میں پورٹیبل وائی فائی ایک ایسا آلہ ہے جو جیب میں رکھا جا سکتا ہے اور مختلف ڈیوائسز جیسے موبائل، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کو ایک ہی نیٹ ورک پر جوڑنے کی سہولت دیتا ہے وہ بھی نسبتاً کم لاگت میں۔

موبائل فون سے ہاٹ اسپاٹ کے ذریعے انٹرنیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے لیکن اس سے فون کی بیٹری تیزی سے ختم ہو جاتی ہے اور کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے،اس کے برعکس پورٹیبل وائی فائی ڈیوائسز زیادہ دیرپا بیٹری اور مستحکم کنکشن فراہم کرتی ہیں جبکہ عوامی وائی فائی نیٹ ورکس کے مقابلے میں ڈیٹا سکیورٹی بھی بہتر ہوتی ہے۔

یہ ڈیوائسز عام طور پر سم کارڈ کے ذریعے موبائل ڈیٹا پر کام کرتی ہیں اور روایتی گھر کے وائی فائی راؤٹر کی طرح براہِ راست کیبل یا براڈ بینڈ کنکشن کی محتاج نہیں ہوتیں، ان کا سائز اتنا چھوٹا ہوتا ہے کہ یہ آسانی سے جیب یا بیگ میں رکھی جاسکتی ہیں اور ایک بار آن کرنے کے بعد متعدد ڈیوائسز کو انٹرنیٹ فراہم کر سکتی ہیں۔

پورٹیبل وائی فائی کی مختلف اقسام میں موبائل ہاٹ اسپاٹس شامل ہیں جو ایک چھوٹے بیٹری پاورڈ ڈیوائس کی صورت میں کئی صارفین کو کنیکٹ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیوٹن کو جھٹکا:برطانیہ نے روسی  تیل بردار جہاز کو روک لیا

اسی طرح یو ایس بی ڈونگلز ایسے چھوٹے آلات ہوتے ہیں جو براہ راست لیپ ٹاپ یا ٹیبلٹ میں لگائے جاتے ہیں اور صرف ایک صارف کے لیے موزوں ہوتے ہیں، اس کے علاوہ ٹریول راؤٹرز زیادہ جدید ہوتے ہیں جو بہتر سگنل، زیادہ رینج اور محفوظ نیٹ ورک فراہم کرتے ہیں۔

 اس ٹیکنالوجی کے کئی فوائد ہیں جن میں کم لاگت میں طویل مدتی استعمال، متعدد ڈیوائسز کو بیک وقت سپورٹ کرنا اور بہتر انٹرنیٹ اسپیڈ شامل ہیں، اس کے علاوہ ان ڈیوائسز میں بڑی اینٹینا ٹیکنالوجی کی وجہ سے سگنل ریسیپشن بھی بہتر ہوتا ہے جبکہ یہ موبائل فون کی بیٹری کو بچاتے ہوئے زیادہ دیر تک کنیکٹیویٹی فراہم کرتی ہیں۔

انٹرنیٹ پلانز کے حوالے سے صارفین ماہانہ پیکجز یا شارٹ ٹرم کا انتخاب کر سکتے ہیں، جو خاص طور پر بیرونِ ملک سفر کے دوران زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں، یہ پلانز مختلف ڈیٹا حدود اور مدت کے ساتھ دستیاب ہوتے ہیں۔

پورٹیبل وائی فائی ڈیوائس خریدتے وقت نیٹ ورک کوریج، بیٹری لائف، ڈیٹا اسپیڈ، 4G یا 5G سپورٹ اور کنیکٹیویٹی جیسے عوامل کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے، بہتر ڈیوائس وہی ہے جو زیادہ صارفین کو بیک وقت سپورٹ کرے اور مختلف مقامات پر مستحکم انٹرنیٹ فراہم کر سکے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا:دہشتگردی میں مائننگ ایکسپلوسیو کا استعمال روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

مجموعی طور پر پورٹیبل وائی فائی ڈیوائسز سفر کرنے والوں کے لیے ایک عملی، محفوظ اور جدید حل ہیں جو کسی بھی جگہ فوری اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ کنکشن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔