اکبر ایس بابر کا محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے فیصلےکو چیلنج کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے اسپیکر کے متوقع فیصلے کو قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
اکبر ایس بابر کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نوٹیفائی کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہوگی،سپیکر کے ایسے کسی بھی فیصلے کو قانونی فورم پر چیلنج کریں گے۔
اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پی ایل ڈی 2018 (صفحہ 370) میں قرار دے چکی ہے کہ سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں، قومی اسمبلی کے رولز اسپیکر قومی اسمبلی کو ہرگز اجازت نہیں دیتے کہ سزا یافتہ کی ایما پر اپوزیشن لیڈر تعینات کریں۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کی خلاف ورزی توہین عدالت اور ’’مک مکا کی سیاست‘‘ کی علامت ہوگی۔ مک مکا کی سیاست نے عوام کو بدحال اور حکمرانوں کو خوشحال بنایا، مفاہمت کے نام پر مک مکا سیاست کا شاخسانہ ہے کہ ملک دشمن سیاست جاری ہے۔
مزید پڑھیں:علی امین گنڈا پور نے بڑے راز سے پردہ اٹھا دیا
انہوں نے مزید کہا کہ بااثر سیاست دان ملک دشمن سیاست کریں، اسے بدنام کریں، ملکی وسائل لوٹیں یا معیشت تباہ کریں، قانون کی گرفت سے بری ہیں۔ بااثر سیاست دان معاشرے میں انتشار پھیلائیں، اداروں پر حملے کریں یا دہشت گردوں کی سہولت کاری، احتساب سے بالاتر ہیں۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ مفاہمت کے نام پر ایسی ’’مک مکا سیاست‘‘ دفن کرنے کا وقت آگیا ہے۔ بیرونی دشمنوں کی طرح، اندرونی دشمنوں کے خلاف معرکہ حق کا دوسرا راؤنڈ شروع ہونے کو ہے۔ اس معرکہ حق میں بیرونی دشمنوں کے اشاروں پرکام کرنے والے اندرونی دشمنوں سے فیصلہ کن مقابلہ کریں گے۔
پی ٹی آئی کے بانی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی، قانونی اور میڈیا کے محاذو ں پر یہ جنگ لڑیں گے، اندرونی دشمنوں کے خلاف معرکہ حق میں بھی فتح پاکستان اور عوام کی ہوگی، ان شاء اللہ۔