وزیراعظم کی "نشان پاکستان" لینے سے معذرت، اپنا نام فہرست سے نکال دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سول و ملٹری ایوارڈز کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کا نام"نشان پاکستان" کے لیے تجویز کیا تھا تاہم وزیراعظم نے اپنا نام اس فہرست سے نکال دیا۔
آج ایوان صدر میں ہونے والی پروقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازت سے نوازا۔
اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ کمیٹی نے وزیراعظم شہبازشریف کا نام "نشان پاکستان" کے لیے تجویز کیا تھا تاہم کمیٹی کی بھیجی گئی سمری ملنے پر وزیراعظم نے اپنا نام فہرست سے نکال کر باقی تمام ناموں کی منظوری دیدی۔
دوسری جانب آج ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت کی جانب سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، احسن اقبال، شیری رحمان، فیصل سبزواری، مصدق ملک اور حنا ربانی کھر کو بھی سول اعزازات سے نوازا گیا۔ طارق فاطمی اور خرم دستگیر خان کو بھی اعلیٰ سول ایوارڈز ملے۔
صدر پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف معرکہ حق میں مسلح افواج کو فرنٹ سے لیڈ کرنے اور بہترین جنگی حکمت عملی مرتب کرنے پر فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر ہلال جرات سے نوازا جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر احمد سدھو کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک اور اعزاز سے نواز دیا گیا