کہیں شدیدگرمی توکہیں بارش؛محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ابراہیم قریشی،رمشا اسماعیل ،احتشام کیانی،روزینہ علی )محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔
شہر لاہور کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے اور شہر کا درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاہےجبکہ ہوا کی رفتار تقریباً9 کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے ریکارڈکی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب تقریباً 57 فیصد ریکارڈکیاگیاہے جبکہ فضا میں تقریباً 50 فیصد سے زائد بادلوں کا راج ہے،سورج او ربادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوارہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت برقرارہے اور حبس کی کیفیت ہے ،محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہرقائدکادرجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچے گا،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.6ڈگری ریکارڈکیاگیاہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جنوب مغربی سمت سے ہواؤں کی رفتار 4 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈکی گئی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے ،شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قراردیاگیاہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بھی موسم گرم اور خشک ہے جہاں پارہ 33 ڈگری تک جائےگااور 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ میں امریکا کے 39 طیارے تباہ،10کو نقصان پہنچا :امریکی رکن کانگریس کا دعویٰ
وفاقی دارالحکومت میں موسم آج گرم اور خشک رہے گا،اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے،ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)نے 12سے17 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گلگت، سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گانچھے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
خیبرپختونخواکے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو اور میرپورخاص میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ای او سی کے مطابق 12 سے 16 مئی تک بالائی علاقوں میں اچانک سیلا ب کا بھی خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
چترال میں دریائے چترال اور اس کے معاون ندی نالوں بیرر گول، اچولگاہ گول اور میرکھانی کے مقامات پراچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ سوات، دیر، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، طورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور مالاکنڈ کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر، داریل، تانگیر، دیامراور اسکردو میں مقامی سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے گلگت، شگر، شیوک اور استور کے معاون ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی اور باغ میں اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ عوام شدید موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، کمزورتنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور غیر مستحکم ڈھلوانوں کے قریب کیمپنگ سے گریز کی ہدایت کردی۔ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو ہنگامی انخلا کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔