گوادر کو 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط 

Mar 13, 2023 | 19:48:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستان اور ایران کے درمیان گوادر کو 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔

وزیر اعظم  شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر توانائی انجینئر  خرم دستگیر خان نے 10-3-23 سے 13-3-23 تک ایران کا دورہ کیا، خرم دستگیر نے ایرانی وزیر توانائی علی اکبر مہرابیان سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

دونوں وزراء نے توانائی کے شعبے میں نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی،وزیر خرم دستگیر کے دورے کا مقصد گوادر کو بجلی کی فراہمی کے معاہدے کو حتمی شکل دینا تھا جس کا آغاز وزیر توانائی کے پہلا دورہ جون 2022 میں ہوا تھا ،9 ماہ کے ریکارڈ وقت میں ایران سے گوادر تک بجلی کی ترسیلی لائن بچھائی گئی ہے۔

پاور سپلائی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے تکنیکی ٹیموں کے3 سیشن ہوئے جس میں تفصیلی بات چیت کی گئی، ان ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستان اور ایران کے درمیان 100 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔

 منصوبے کا جلد از جلد افتتاح کر دیا جائے گا یہ منصوبہ گوادر کو بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے گا اور ایک خوشحال گوادر کی بنیاد رکھے گا۔