سعودی عرب میں مسٹر بیسٹ کی پہلی ویڈیو نے ریکارڈ توڑ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ریاض سیزن 2025 کے دوران امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی سعودی عرب میں فلمائی گئی پہلی ویڈیو نے چند ہی دنوں میں کروڑوں ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر لیا ہے جسے اب تک ساڑھے 7 کروڑ سے زائد لوگوں نے دیکھ لیا ہے۔
اس ویڈیو نے ریلیز کے بعد مختصر مدت میں تقریباً 7 کروڑ 20 لاکھ ویوز حاصل کر لیے،ویڈیو میں مختلف ممالک کے 100 پائلٹس نے 24 لاکھ ڈالر مالیت کے پرائیویٹ جیٹ کے لیے منفرد اور مسابقتی چیلنجز میں حصہ لیا۔
یہ انداز مسٹر بیسٹ کی روایتی، بڑے پیمانے پر فلمائی گئی اور بھاری انعامات پر مبنی ویڈیوز کا تسلسل ہے، جنہوں نے انہیں عالمی سطح پر بے انتہا مقبول بنایا ہے۔
ریاض سیزن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ مسٹر بیسٹ کے ساتھ یہ اشتراک اس تہوار کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی اہمیت کا ثبوت ہے۔
یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ جو2012 سے ویڈیوز بنا رہے ہیں، آج 450 ملین سے زائد سبسکرائبرز کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے آن لائن کریئیٹرز میں شمار ہوتے ہیں،ان کا کاروباری دائرہ کار اسپانسرشپس، کنزیومر مصنوعات اور فوڈ برانڈز تک پھیلا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:15 دسمبرتک بارش و برفباری ،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
مسٹر بیسٹ کی تیز رفتار کامیابی کے ساتھ تنازعات بھی جڑے رہے ہیں،ان کے ریئلٹی شو “The Beast Games” پر کام کرنے والوں نے مبینہ طور پر غیر محفوظ ماحول، ہراسانی اور واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق مقدمات دائر کیے، جنہیں ڈونلڈسن نے مسترد کیا ہے۔
ریاض سیزن کی یہ شراکت سعودی دارالحکومت کو عالمی سطح پر ایک بڑی تفریحی منزل کے طور پر مستحکم کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ سال یہ ایونٹ 135 ممالک سے 2 کروڑ سے زائد افراد کو اپنی جانب کھینچ چکا ہے، اور اس مرتبہ منتظمین مزید زیادہ شرکت کی توقع کر رہے ہیں۔