پاکستان کا ورلڈ کپ میچز غیرجانب دار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان نے ورلڈ کپ میچز بھارت کی بجائے کسی غیرجانب دار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں پاکستان آنے سے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے میچز غیرجانب دار مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ،
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ کے میچوں کا شیڈول یا مقامات کی فہرست جاری کرنے میں ناکام ہوا ہے جبکہ ورلڈ کپ اکتوبر میں شروع ہوگا، ورلڈ کپ کے آغاز کے لیے 6 ماہ سے کم عرصہ رہ گیا ہے لیکن تاحال صورت حال غیرمعمولی رخ اختیار کرچکی ہے،بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت یقینی بنانے کے لیے اقدامات تاحال واضح نہیں ہیں ،جبکہ دونوں روایتی حریف ممالک کے کرکٹ بورڈ اپنے اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سفارتی سطح پر دونوں ممالک کے حالات خوش گوار نہیں ہیں۔
پی سی بی چیئر مین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ’’اگر اب بھارت غیرجانب دار مقامات کا خواہاں ہے اور ہائبرڈ ماڈل تسلیم کرتا ہے تو پھر ہم اسی طرح کا ہائبرڈ ماڈل ورلڈ کپ میں استعمال کریں گےانہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ وہ اپنے میچز بنگلہ دیش یا بھارت کی منشا کے کسی دوسرے مقام پر کھیلے جائیں،ان کا کہنا تھا کہ یہ ماڈل دونوں ممالک کے درمیان جاری اس سیاسی تنازع کا بہتر حل ہے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی سربراہی بھارت کے وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کر رہے ہیں،نجم سیٹھی نے بھارتی بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی مرکزی حکومت کے سامنے اپنے مؤقف پر ڈٹ جائیں اور زور دیا کہ بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دیں کیونکہ یہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔