کراچی و حیدرآباد کے لیے 40 ارب روپے مختص کیے جائیں :فاروق ستار

Jun 12, 2026 | 20:47:PM
کراچی و حیدرآباد کے لیے 40 ارب روپے مختص کیے جائیں :فاروق ستار
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نےکہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوامی توقعات پر پورا نہیں اترتا، کراچی و حیدرآباد کے لیے 40 ارب روپے کی رقم مختص کی جائے ۔

 پارلیمنٹ میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  انھوں نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوامی توقعات پر پورا نہیں اترتا اور موجودہ حالات میں اسے مزید عوام دوست بنانے کی ضرورت ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ صبح وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات میں تین بنیادی مطالبات پیش کیے گئے، جن میں کراچی اور حیدرآباد کے لیے 40 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ کا مطالبہ شامل تھا۔ ان کے مطابق بجٹ میں اس حوالے سے دیے گئے اعداد و شمار مختلف ہیں اور مطلوبہ فنڈز کی منظوری نہیں دی گئی۔

متحدہ رہنما  نے کہا کہ سندھ کی گورنری ایم کیو ایم کا حق ہے اور اس مطالبے پر بھی بات کی گئی، تاہم اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی،حکومت کی سفارت کاری اور معاشی ٹیم کی کارکردگی دنیا نے دیکھی ہے، اور عوام کو توقع تھی کہ اب بجٹ مکمل طور پر عوام دوست ہوگا، تاہم موجودہ ٹیکس نظام پہلے ہی بھاری بوجھ کا شکار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بالواسطہ ٹیکسوں میں کمی کی ضرورت ہے جبکہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی ہونی چاہیے، کیونکہ اس وقت عام شہری شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے اور بعض افراد کو ایک وقت کا کھانا بھی میسر نہیں، تجویز دی کہ بڑے جاگیرداروں اور ٹیکس نظام میں موجود خامیوں کو دور کر کے 600 ارب روپے اور ایف بی آر کے ذیلی اداروں میں کرپشن روک کر مزید 600 ارب روپے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز ختم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ معاشی دباؤ کم ہو سکے، آئی پی پیز کے کیپیسٹی چارجز میں مزید 20 فیصد کمی کی جانی چاہیے، کراچی اور ڈی ایچ اے کو پانی کی منصفانہ تقسیم سے بہتر بنایا جا سکتا ہے، جبکہ کراچی کے لیے 10 ارب روپے ناکافی ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے واضح کیا کہ ان کے مطالبات پر حکومت کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا اور واضح جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت کے شیڈو بجٹ میں 64 ارب روپے ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، اور اگر وفاقی بجٹ میں اس حوالے سے خاطر خواہ رقم شامل نہ ہوئی تو وہ وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک سے بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :وفاقی بجٹ میں سندھ کی سڑکوں کیلئے کون سی رقوم مختص ہوئیں؟