آج کا پکوان: دمبہ کڑاہی بنانے کی آسان ترکیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)دمبہ کڑاہی پاکستان کی روایتی اور شاہانہ ڈشز میں شمار ہوتی ہے، جس کی اصل جڑیں خیبر پختونخوا، خصوصاً پشاور اور قبائلی علاقوں کی پکوانی روایت سے ملتی ہیں، بعد ازاں یہ ڈش کوئٹہ، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت پورے پاکستان میں بے حد مقبول ہو گئی، اس کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اس میں مصالحے کم مگر دمبے کے گوشت، ٹماٹر، ادرک، لہسن اور کالی مرچ کا قدرتی ذائقہ نمایاں رکھا جاتا ہے، اسی لیے اسے گوشت کے اصل ذائقے کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔
(1 کلو دمبے کی کڑاہی)
اجزاء:دمبے کا گوشت (ہڈی سمیت) 1 کلو،دمبے کی چربی 100 سے 150 گرام،ٹماٹر 500 گرام،لہسن 12 جوئے،ادرک 2 انچ کا ٹکڑا،ہری مرچ 8 سے 10 عدد،نمک ڈیڑھ چائے کا چمچ یا حسبِ ذائقہ،کٹی ہوئی کالی مرچ 1 چائے کا چمچ،ثابت دھنیا (موٹا کٹا) 1 چائے کا چمچ،زیرہ (ہلکا موٹا کٹا) 1 چائے کا چمچ،لال مرچ کُٹی 1 چائے کا چمچ (اختیاری)،تازہ ہرا دھنیا آدھی گٹھی،ادرک باریک کتری ہوئی گارنش کیلئے۔
بنانے کا طریقہ:کڑاہی میں پہلے دمبے کی چربی ڈال کر درمیانی آنچ پر پگھلا لیں،اب گوشت ڈال کر 15 سے 20 منٹ اچھی طرح بھونیں تاکہ رنگ سنہری ہو جائے،لہسن اور ادرک شامل کرکے مزید 5 منٹ بھونیں،اب ٹماٹر، نمک اور ہری مرچ ڈال کر ڈھکن بند کر دیں،ہلکی آنچ پر 35 سے 45 منٹ پکائیں تاکہ گوشت نرم ہو جائے اور ٹماٹر گل جائیں،ڈھکن ہٹا کر تیز آنچ پر پانی خشک کریں،اب کالی مرچ، زیرہ، ثابت دھنیا اور اگر پسند ہو تو تھوڑی سی کُٹی لال مرچ شامل کریں،مزید 5 سے 7 منٹ بھونیں یہاں تک کہ چربی اوپر آ جائے،آخر میں ہرا دھنیا اور باریک کتری ہوئی ادرک ڈال کر گرم گرم تندوری روٹیوں یا نان کے ساتھ پیش کریں۔