اسلام آباد میں پانچ روزہ سائبر صلاحیت سازی اور پالیسی تربیتی پروگرام کا افتتاح
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس)سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے آج اسلام آباد میں پانچ روزہ سائبر صلاحیت سازی اور پالیسی تربیتی پروگرام کا افتتاح کر دیا۔یہ پروگرام اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے تخفیفِ اسلحہ تحقیق (UNIDIR) کے اشتراک سے اور گلوبل افیئرز کینیڈا کی معاونت سے منعقد کیا جا رہا ہے۔پروگرام کا مقصد بدلتے ہوئے سائبر خطرات اور سائبر اسپیس میں طرزِ حکمرانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔
سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں قومی استحکام، بین الاقوامی امن و سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے سائبر سیکیورٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) سیکیورٹی سے متعلق کثیرالجہتی عمل میں پاکستان کے فعال کردار کو اجاگر کیا
انہوں نے اقوامِ متحدہ فریم ورک کے تحت سائبر اسپیس میں ریاستوں کے ذمہ دارانہ رویے کے تناظر میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے بین الاقوامی قانون، رضاکارانہ ضوابط، اعتماد سازی کے اقدامات اور صلاحیت سازی کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آمنہ بلوچ نے زور دیا کہ مشترکہ سائبر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔
افتتاحی اجلاس سے دیگر مقررین میں UNIDIR کے ڈائریکٹر رابن گائس، پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان شریک ہوئے۔
پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر مسٹر محمد یحییٰ بھی تقریب میں شریک تھے۔مقررین نے سائبر شعبے میں بین الاقوامی تعاون اور صلاحیت سازی کی اہمیت پر زور دیا ۔مقررین نے پالیسی پر مبنی تربیت اور عملی مشقوں کی افادیت کو اجاگر کیا
انہوں نے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں سمیت مختلف سائبر خطرات سے نمٹنے کی ریاستی صلاحیتوں میں بہتری کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
یہ پروگرام متعلقہ قومی اداروں سے تعلق رکھنے والے پالیسی سازوں، تکنیکی ماہرین اور ماہرینِ تعلیم کو یکجا کرتا ہے۔
پروگرام میں ماہرین کی زیرِ قیادت سیشنز، منظرنامہ جاتی مباحثے، اور ٹیبل ٹاپ مشقیں شامل ہیں۔ان میں سائبر خطرات، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، سائبر جرائم، واقعہ جاتی ردِعمل، اور بین الاقوامی تعاون کے فریم ورک شامل ہیں۔
پاکستان–UNIDIR سائبر صلاحیت سازی اور پالیسی تربیتی پروگرام اسلام آباد میں 12 تا 16 جنوری 2026 تک منعقد ہو رہا ہے
اس پروگرام کی تنظیم UNIDIR کی جانب سے، پاکستانی وزارتِ خارجہ کے قریبی تعاون سے کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل،سٹیٹ بینک نے اہم بیان جاری کردیا