اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے لگی،محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کر دیا

Sep 09, 2026 | 09:08:AM
 اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے لگی،محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کر دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وفاقی دارالحکومت کے تھانوں کو جدید اور عوام دوست بنانے کے سلسلے میں تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کر دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تھانہ آبپارہ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ایس ایچ او آفس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی)، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا،انہوں نے تھانے کے مختلف کاؤنٹرز پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور سائلین کے لیے فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور شہریوں کے مسائل کے حل میں کمیٹی کے کردار کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے،سائلین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شہری کی درخواست پر ہر صورت کارروائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی شہری کو ایف آئی آر کے اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی بحریہ کا آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر امریکی بغیر پائلٹ آبدوز پکڑنے کا دعویٰ

وفاقی وزیر داخلہ کو تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔