پاکستان سندر انڈسٹریل نمائش کا آغاز،وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع نے افتتاح کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)تین روزہ پاکستان سندر انڈسٹریل ایکسپو 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، وزیر صنعت و تجارت پنجاب چودھری شافع حسین اور چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے ایکسپو کا افتتاح کیا،اس صنعتی نمائش کا مقصد ملکی صنعت کو دنیا میں متعارف کروانا، جدت، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں صدر سندر سٹیٹ محمد احمد خان، چیئرمین ایکسپو کمیٹی معاذ محمود، صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمان سہگل، صدر سندر ٹریڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن ملک اظہر، فہیم الرحمان قمر، سید نبیل ہاشمی، شہزاد اعظم خان سمیت صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایکسپومیں پانچ سوسے زائد صنعتوں نے سٹالز لگائے ہیں۔ جن میں پلاسٹک، فوڈ پراسیسنگ، انجینئرنگ ، کنسٹرکشن آٹوموبائلز، گارمنٹس، ٹیکسٹائلزسمیت مختلف مصنوعات کی صنعتیں شامل ہیں۔
ایکسپو کے دوران بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں، سیمینارز اور تکنیکی سیشنز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد علم کا تبادلہ، سرمایہ کاری کے مواقع اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر گرین سٹیٹ ویژن کے تحت مہمان خصوصی اور شرکا نے پودے لگائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان سندر انڈسٹریل ایکسپو ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں صنعتکار، سرمایہ کار، کاروباری ماہرین اور اینٹرپنیورز ایک چھت تلے جمع ہو کر نئی شراکت داریوں، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔ حکومتِ پنجاب نے صنعتی شعبے کے فروغ کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے ہیں۔ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام، صنعتی زونز میں انفراسٹرکچر کی بہتری، آسان قرضہ سکیمیں، اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ ہم چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو مضبوط بنانے کے لیے خصوصی پروگرامز بھی متعارف کروا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں اور خواتین کو کاروبار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان سندر انڈسٹریل ایکسپو محض ایک نمائش نہیں، بلکہ یہ پاکستان کی صنعتی خود اعتمادی، معاشی عزم اور مستقبل کی سمت کا اعلان ہے۔یہ ایکسپو اب ایک مضبوط صنعتی برانڈ کی صورت اختیار کرنے جارہاہے، جو ہر سال صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو اجاگر کرےگا۔