گریڈ ایک سے بائیس تک کے تمام ملازمین اور افسران کیلئے بڑی سہولت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے سرکاری افسران اور ملازمین کی جانب سے رہائش ہائر کرنے کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنانے کے لیے ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی کی منظوری دے دی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئی پالیسی کو تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو عملدرآمد کے لیے باقاعدہ طور پر سرکولیٹ کر دیا گیا ہے،اس حوالے سے جوائنٹ سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات فیاض الحق کی جانب سے باقاعدہ آفس میمورنڈم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
آفس میمورنڈم میں تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے لیے اکاموڈیشن کی ہائرنگ اپنے مختص کردہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے کریں، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اخراجات کو کنٹرول کرنا اور رہائشی سہولتوں کے حصول کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔
وزارت ہاؤسنگ کے ذرائع کے مطابق نئی ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی کے تحت مختلف وزارتوں اور اداروں کو اپنے ملازمین کی رہائش کے معاملات میں زیادہ انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی، جس سے فیصلوں میں تاخیر کم ہوگی اور ملازمین کو بروقت سہولت مل سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:اپنی چھت اپنا گھر سکیم ،بلاسود ہاؤسنگ کیلئےنیا ڈیجیٹل ماڈل منظور
حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا اطلاق گریڈ ایک سے لے کر گریڈ بائیس تک کے تمام سرکاری ملازمین پر ہوگا جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ رہائشی سہولتوں کی فراہمی کا نظام مزید منظم اور تیز رفتار ہو جائے گا،نئی پالیسی کا بنیادی مقصد شفافیت، سہولت اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے تاکہ سرکاری وسائل کا بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔