وانا کیڈٹ کالج میں تمام کیڈٹس محفوظ ہیں: سکیورٹی ذرائع
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز) وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے کے بعد اندر پناہ لینے والے 3 خوارجیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے خوارجیوں کا تعلق افغانستان سے بتایاگیا ہے اور حملہ آور ٹیلیفون پر وہیں سے ہدایات لے رہے ہیں، خوارج ایک عمارت میں چھپے ہیں جو کیڈٹس کی رہائش سے بہت دور ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل افغان خوارج نےکالج کے مرکزی گیٹ سے بارود سےبھری گاڑی ٹکرا دی تھی، دھماکے سےکالج کا مرکزی گیٹ گرگیا اورقریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچاتھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے فوری کارروائی میں 2 خوارجیوں کو ہلاک کردیا تھا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فیصلہ کن کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد سے افسوسناک خبر
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کیڈٹ کالج پر حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد موجود تھے، فورسز نے اب تک 115 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ہے، کیڈٹ کالج میں موجود 3 افغان خوارج کو کالج کی ایک مخصوص عمارت تک محدود کردیا گیا ہے جب کہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے کافی فاصلے پر عمارت میں افغان خوارج موجود ہیں اور ابھی تک تمام کیڈٹس محفوظ ہیں، کالج کی حدود سے کیڈٹس کو نکالنے کا عمل بتدریج جاری ہے، اس وقت بھی کالج کے اندر تقریباً 535 افراد موجود ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہناہےکہ فورسز نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ مطمئن رہیں، تمام طلبہ محفوظ ہیں اور آپریشن جلد مکمل کرلیا جائے گا۔