اندراجِ مقدمہ سے انکار یا تاخیر نہیں کی جا سکتی: سپریم کورٹ

Jul 11, 2025 | 15:30:PM
اندراجِ مقدمہ سے انکار یا تاخیر نہیں کی جا سکتی: سپریم کورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سپریم کورٹ نے پولیس رویے کے خلاف اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس مقدمے کے اندراج سے انکار یا تاخیر نہیں کر سکتی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے پولیس رویے کے خلاف 30 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جس میں عدالت نے قتل کے ملزم سیتا رام کی بریت کی اپیل منظور کر لی، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پراسیکیوشن ملزم کے خلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی۔

واضح رہے کہ سیتا رام پر چندر کمار کو 2018 میں قتل کرنے کا الزام تھا، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مدعی کے بروقت اطلاع کے باوجود مقدمہ 2 دن کی تاخیر سے درج ہوا، ایس ایچ او نے تسلیم کیا کہ اطلاع روزنامچہ میں تو درج کی لیکن ایف آئی آر نہیں کی۔

سپریم کورٹ کے مطابق قابل دست اندازی جرم میں مقدمہ کا اندراج لازم ہے، سندھ میں اکثر مقدمات کے اندراج میں تاخیر دیکھی گئی ہے، مقدمات کا اندراج اور تفتیش ایگزیکٹو عمل ہیں، مقدمات کا اندراج اور تفتیش فوجداری نظام کا اہم اور بنیادی جزو ہے۔

عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ معلومات ملتے ہی جلد از جلد مقدمہ کا درج کرنا ڈیوٹی افسر کی قانونی ذمہ داری ہے، پولیس افسر مقدمہ کے اندراج سے انکار یا تاخیر نہیں کرسکتا، تاخیر کے ملزم اور مدعی پر اثرات ہوتے ہیں، تاخیر سے شواہد ضائع اور بے گناہ افراد کو شامل کرنے کا موقع ملتا ہے۔