پوری کوشش کی ان چوروں کو سزا دی جائے: عمران خان

Jul 11, 2022 | 19:44:PM
عمران خان،لودھراں جلسہ،شہباز شریف،آصف زرداری،تنقید
کیپشن: ڈیزل کی قیمت 130 روپے، گھی 22 فیصد، پٹرول 100 روپیہ لٹر بڑھایا گیا/ فائل فوٹو، گوگل سورس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا کراچی میں بارش کے پانی کے لیے کچھ کرنا ہے۔

 ضمنی الیکشن کے حوالے سے لودھراں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک پر دو ڈاکو آئے ہیں، ایک زرداری اور دوسرا شریف خاندان ہے، کراچی میں زیادہ بارش ہوئی ہے، قوم کی توجہ کراچی پر دینے لگا ہوں، کراچی پاکستان کا معاشی دارالحکومت ہے، 14 سال سے ڈاکو کراچی میں بیٹھا ہوا ہے، شہر کھنڈر بن گیا ہے، عثمان بزدار نے لاہور میں زیر زمین ٹینک بنائے، بارش کا پانی کھڑا نہیں ہوتا۔ زرداری اور مراد علی شاہ کے خلاف مقدمات تیار تھے، سندھ کا پیسہ چوری ہو کر دبئی جاتا ہے، انہوں نے کبھی نہیں سوچا، کراچی میں بارش کے پانی کے لیے کچھ کرنا ہے۔ جب تک زرداری ڈاکو سندھ پر قابض ہے صوبہ ترقی نہیں کر سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ ارسطو احسن اقبال کہتا ہے کرپشن ہوتی ہے، حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، جن کے پاس طاقت تھی وہ چوری کو اتنا برا نہیں سمجھتے تھے، کبھی وہ معاشرہ اوپر نہیں جا سکتا جو برائی کے ساتھ ہو، کون سی طاقت تھی جو آصف زرداری کو سزا دلوانے میں روکتی تھی، جاوید لطیف کہتا ہے اسمبلی کے ذریعے نواز شریف کے مقدمات ختم کر دو، اچھائی کے ساتھ یا برائی کے ساتھ، نیوٹرل آپ نہیں رہ سکتے، لودھراں والو! یہ الیکشن نہیں جہاد ہے، امریکی سازش سے ہم پر چور مسلط کیے گئے ہیں۔

 سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے خلاف مہنگائی پر مہم چلائی گئی، مہنگائی پر سارا وقت مہم چلانے والوں نے آتے ساتھ ہی اپنے کرپشن کے کیسز ختم کیے۔ موجودہ حکومت نے آتے ہی 1100 ارب روپے کے کیسز ختم کروائے، اس سے بڑا ڈاکا پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں پڑا، نیب قوانین ترمیم کر کے اپنے مقدمات ختم کروا دیئے گئے، احسن اقبال برگر کھانے گیا تو چور چور کے نعرے لگائے، ارسطو کہتا ہے عمران خان نے لوگو کو بدتمیزی سکھا دی، جھوٹے ارسطو ! یہ بدتمیزی نہیں حقیقت ہے تم چور ہو، امریکا کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرائی۔

 عمران خان نے کہا کہ دو ماہ میں ملک میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، حمزہ ککڑی نے انڈوں کی قیمت میں 36 فیصد اضافہ کر دیا کیونکہ ان کا مرغی اور انڈوں کا کاروبار ہے۔ شہباز شریف کا کمال ہے گورے کو دیکھتا ہے تو اس کے پاؤں میں گر جاتا ہے، شہباز شریف گورے سفیر کو دیکھ کر اس کے منہ میں کیک ڈالنا شروع کر دیتے ہیں، مریم بی بی کہتی ہے میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں، نوجوانوں سے کہتا ہوں الیکشن میں لوٹوں کو ہرانا، 17 جولائی کو حقیقی آزادی کی جنگ ہے، میں کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ آپ کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پیسے بانٹ رہے ہیں، چوروں سے پیسے لے لو اور ووٹ بلے کوڈالنا، الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چیف الیکشن کمشنر حمزہ اور مریم کے قدموں میں بیٹھا ہوا ہے، ضمنی الیکشن میں لوٹوں کو شکست دینی ہے، الیکشن کے دوران نوجوانوں گھر گھر جا کر عوام کو بتانا ہے کہ یہ جہاد ہے۔

 عمران خان نے کہا کہ قوم کا حال سری لنکا والا ہونے جا رہا ہے۔ امپورٹڈ حکومت نے آتے ہی بجلی 35 روپے فی یونٹ کر دی، چیری بلاسم کہتا ہے میں بھیک مانگنے تو نہیں آیا، شہباز شریف اس کا بھائی اور زرداری تم بے شرم ہو، بے شرمو! تم ایک عظیم ملک کے گیدڑ لیڈر ہو، قائداعظم ایک آزاد اور خوددار انسان تھے، یہ دو خاندان ارب کھرب پتی بن گئے، ملک مقروض ہو گیا۔ مرغی ہمارے دور میں 300 روپے تھی اب 600 پر پہنچ گئی، انہوں نے گیس 45 فیصد بڑھائی ہے، انہوں نے ڈیزل کی قیمت 130 روپے بڑھا دی، گھی 22 فیصد، پٹرول 100 روپیہ لٹر بڑھایا ہے۔