ابتدائی طور پر ڈرامہ’’کیس نمبر 9‘‘ کرنے سے انکار کر دیا تھا؛ گوہر رشید 

 معلوم ہوا کہ سکرپٹ شاہزیب خانزادہ نے لکھا ہے تو شک میں مبتلا تھا کہ ایک صحافی کیسے ڈرامہ لکھ سکتا ہے؟

Jan 11, 2026 | 15:46:PM
 ابتدائی طور پر ڈرامہ’’کیس نمبر 9‘‘ کرنے سے انکار کر دیا تھا؛ گوہر رشید 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)معروف باصلاحیت اداکار گوہر رشید نے کہاہے کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ڈرامہ’’کیس نمبر 9‘‘ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
گوہر رشید نے ایک نجی پوڈکاسٹ میں گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ اس بار سکرپٹ بہت غیر مؤثر انداز میں سنایا گیا تھا، جس کی وجہ سے میں نے ڈرامہ سے انکار کر دیا، چند ہفتے بعد صبا قمر نے مجھ سے رابطہ کیا اور اس کردار کے لیے آمادہ کیا، ساتھ ہی ڈائریکٹر سے بات کرنے کا مشورہ دیا، جب میں نے ڈائریکٹر سے خود اس کہانی کو سنا تو احساس ہوا کہ یہ بالکل مختلف اور مضبوط سکرپٹ ہے۔
گوہررشید نے بتایا کہ جب مجھے معلوم ہوا کہ اسکرپٹ شاہزیب خانزادہ نے لکھا ہے تو میں شک میں مبتلا تھا کیونکہ میرے خیال میں ایک صحافی کیسے ڈرامہ لکھ سکتا ہے؟ لیکن جب میں نے اسے پڑھا تو تفصیل اور تحقیق سے متاثر ہوگیا۔
گوہر رشید نے صبا قمر کے ساتھ تفتیشی مناظر کے بارے میں بتایا کہ اس دوران مجھے انتہائی سخت اور خوفناک ڈائیلاگ دیے گئے جنہیں پڑھ کر میں خوفزدہ ہو گیا تھا، میں نے ڈائریکٹر اور سکرپٹ رائٹر سے درخواست کی کہ ڈائیلاگز میں نرمی کی جائے لیکن مجھے سمجھایا گیا کہ یہ وہی عام سوالات ہیں جو زیادتی کے شکار افراد سے کیے جاتے ہیں اور پولیس اسٹیشنز کے ایس او پیز کا حصہ ہیں، اس وضاحت کے بعد میں نے ڈائیلاگز ادا کیے، اگرچہ مجھے یہ سین ذاتی طور پر بہت مشکل لگا۔

یہ بھی پڑھیں:شاہزیب خانزادہ نے کیس نمبر 9 کےبعد’’کیس نمبر 10‘‘ کااعلان کردیا
گوہر رشیدنے مزید کہا کہ صبا قمر ہمیشہ میرے لیے ایسے کردار منتخب کرتی ہیں جو یادگار ہوں، دونوں کرداروں شوکت اور انسپکٹر شفیق کے لیے درست پیش گوئی کی اور دونوں کردار ناظرین کو پسند آئے۔