نیوٹیک فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیاں،سینیٹ نے تحقیقات کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )نیوٹیک فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے انکشاف کے بعد سینیٹ کمیٹی نے تحقیقات کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جنوبی پنجاب میں طلبا کو ماہانہ وظیفہ کی رقم میں کٹوتی کی شکایت پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
سینیٹ کمیٹی میں موجود طلبا نے موقف اپنایا کہ جنوبی پنجاب میں فی طالب علم صرف 1500 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں ، ادارے کا سالانہ بجٹ 7 ارب روپے ہے ، فی طالب علم تربیت پر اوسطاً 80 ہزار سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے تک خرچ کیے جاتے ہیں۔
نیوٹیک حکام نے بتایا کہ 2025 میں 71 ہزار طلبہ کو تربیت دی گئی، جن میں 6 ہزار 200 بلوچستان اور 43 ہزار پنجاب سے تعلق رکھتے تھے،کمیٹی نے طلبا کے لیے مختص فنڈز کی ادائیگی میں کٹوتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔
سینیٹ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے دونوں مؤقف سننے کے بعد سینیٹر کامران مرتضیٰ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی مبینہ مالی بے ضابطگیوں، فنڈز کے استعمال اور ممکنہ خردبرد کی تحقیقات کرے گی۔
چیئر پرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ کمیٹی متعلقہ اداروں کی نشاندہی کرے گی اور ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے گی، پیشہ ورانہ تربیت کے نام پر فنڈز میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور طلبہ کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :رمضان کے آغاز سے پہلے عوام کے لیے بڑا ریلیف