سینئر مینجمنٹ کورس کیلئے گریڈ 19 کے نامزد کردہ 15 افسران کی نامزدگیاں منسوخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی و صوبائی سرکاری افسران کی گریڈ 20 میں ترقی کیلئے لازمی سینئر مینجمنٹ کورس کے ضمن میں 39ویں سینئر مینجمنٹ کورس کیلئے گریڈ 19 کے نامزد کردہ 15 افسران کی نامزدگیاں منسوخ کی گئی ہیں.
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق جن افسران کی نامزدگیاں منسوخ کی گئی ہیں، ان میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 5، پولیس سروس آف پاکستان کے 7، سیکرٹریٹ گروپ کے 2 جبکہ آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے ایک افسر شامل ہیں، جن افسران کی نامزدگی واپس لی گئی ہے ان افسران میں ڈی جی وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب مبین الٰہی، ڈی جی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فرخ عتیق خان، ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ راشد، ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) محمد سکندر ذیشان، صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی محکمہ صحت خیبرپختونخوا شفیع اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل سندھ سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز، ڈی پی او خانیوال اسماعیل الرحمان، سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی، ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی پنجاب لاہور کیپٹن (ر) واحد محمود شامل ہیں.
اسی طرح ایف آئی اے کے ڈسپوزل پر موجود محمد معصوم، ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون عطاء الرحمان، ڈائریکٹر جنرل (فوڈ) کین کمشنر پنجاب لاہور امجد حفیظ، این ڈی ایم اے کے ڈسپوزل پر موجود راحیل احمد چیمہ اور ممبر فنانس سی ڈی اے اسلام آباد طاہر نعیم اختر کی نامزدگیاں بھی واپس لے لی گئی ہیں، واضح رہے کہ گریڈ 20 میں ترقی کے لیے سینئر مینجمنٹ کورس لازمی شرط ہے، 39واں سینئر مینجمنٹ کورس 19 جنوری سے 8 مئی 2026 تک منعقد کیا جا رہا ہے.