کراچی: سرجانی میں مبینہ پولیس مقابلہ، خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا ملزم ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا ملزم ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کے مطابق پولیس ملزم کو آلہ قتل سریا کی برآمدگی کے لیے لے گئی تھی۔پولیس افسر و اہلکار آلہ قتل ڈھونڈنے میں مصروف تھے تو ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اہلکار کا پسٹل نکال لیا۔
طارق الہٰی مستوئی کا کہنا ہے کہ ملزم نے فرار کی کوشش کے دوران چھینے گئے پسٹل سے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے اے ایس آئی نعمان شیخ گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق جوابی فائرنگ سے ملزم محمد ہمایوں خان ولد حسن خان موقع پر ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ملزم سے پولیس اہلکار کا چھینا گیا پسٹل قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ لاش کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور 3 بچوں کے قتل میں مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی ملوث نکلا تھا۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم وقوع کے روز دن 2 ڈھائی بجے گھر آیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزم ہمایوں رشتے دار تھا تو اسے لیے اس کا گھر میں آنا جانا بھی تھا، ملزم نے خاتون سے زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر راڈ سے وار کیا اور قتل کے لیے ایک سریے کا استعمال کیا۔