قرآن و سنت میں دو سال تک نوزائدہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے کی ہدایت کی گئی ،سردار محمد یوسف

وزارت مذہبی امور  اور   یونیسیف کے زیر اشتراک ماں کے دودھ کے فروغ و تحفظ کیلئے مذہبی رہنماؤں کا مشاورتی سیمینار

Dec 11, 2025 | 19:05:PM
 قرآن و سنت میں دو سال تک نوزائدہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے کی ہدایت کی گئی ،سردار محمد یوسف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ قرآن و سنت میں دو سال تک نوزائدہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ احادیث نبوی ﷺ میں ماں کو دودھ پلانے پر اجر و ثواب کی نوید سنائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے مذاہب بھی ماں کے دودھ کو ایک مقدس، صحت بخش اور فطری عمل قرار دیتے ہیں۔
 یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزارت مذہبی امور  اور   یونیسیف کے زیر اشتراک ماں کے دودھ کے فروغ و تحفظ کے لیے مذہبی رہنماؤں کی مشاورتی سیمینار کی صدارت کے موقع پر کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ۔ قرآن و حدیث میں ماں کے دودھ پلانے کی اہمیت اور حقوق واضح کیے گئے ہیں۔ ماں کا دودھ بچوں کی پہلی اور بہترین غذا ہے اور نوزائدہ کا حق ہے ۔ ماں کا دودھ بچے کو بیماریوں سے تحفظ فراہم  کرتا ہے۔ احادیث نبوی ﷺ میں ماں کو دودھ پلانے پر اجر و ثواب کی نوید سنائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے مذاہب بھی ماں کے دودھ کو ایک مقدس، صحت بخش اور فطری عمل قرار دیتے ہیں۔ یہ پہلو ہماری مشترکہ انسانی بصیرت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مضبوط بناتا ہے۔ ہمارے ملک کو بچوں کی غذائی قلت، بیماریوں اور نوزائیدہ اموات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ماہرین اور شواہد کا ایک واضح اور اٹل اتفاق ہے کہ ماں کا دودھ ہی وہ محفوظ، مؤثر اور قدرتی ذریعہ ہے جو ان مسائل کا بہترین حل فراہم کرتا ہے۔ تاہم غلط فہمیاں، معاشرتی رکاوٹیں اور مصنوعی غذاؤں کی غیر ذمہ دارانہ تشہیر دودھ پلانے کے عمل کو متاثر کر رہی ہیں۔ایسے میں علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کا کردار انتہائی بنیادی اور فیصلہ کن ہو جاتا ہے۔ آپ کے ایک خطبے، ایک بیان، اور ایک رہنمائی سے لاکھوں گھرانوں کے رویے بدل سکتے ہیں۔ آپ کی زبان سے نکلا ہوا ایک جملہ قوم کے مستقبل کو نئی سمت دے سکتا ہے۔

 سردار محمد یوسف نے علماء اور مذہبی رہنماؤں کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور اس مقصد کے لیے مکمل تعاون، اشتراک اور سہولت کاری کے لیے پرعزم ہے۔ مساجد، مدارس، مذہبی اداروں اور تنظیموں کے ذریعے ایک منظم قومی آگاہی مہم شروع کی جائے گی تاکہ درست معلومات ہر گھر تک پہنچ سکیں۔ اس سے قبل حافظ طاہر اشرفی، علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پیر سید چراغ الدین شاہ، علامہ عارف حسین واحدی، سجاد حسین نقوی، پیر ممتاز ضیا نظامی، ڈاکٹر علی طارق، علامہ امین شہیدی، مولانا ہارون الرشید، سمیع اللہ آغا، مولانا تنویر علوی اور دیگر طبی و غذائی ماہرین نے قرآن و سنت   کے احکامات اور سائنسی پہلو سے موضوع کی پر زور تائید کی۔ تقریب میں محمد بخش سانگی، جوائنٹ سیکرٹری، ملک وارث اعوان، ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈاکٹر شاہد الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر قرآن، یونیسیف پاکستان سے ڈاکٹر شرمیلا رسول، ڈپٹی نمائندہ یونیسیف، ارٹینا جی میناس، چیف ماہر غذایت، فہمیدہ خان، جینڈر سپیشلسٹ، ایلنار، چیف سماجی رویوں کی تبدیلی، ڈاکٹر صبا شجاع، مینیجر، سلمان غذائی افسر، عظمی بتول، جینڈر سپیشلسٹ بھی شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھگوڑے عادل راجہ نے جھوٹے الزامات لگانے پر معافی مانگ لی