بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ریاستی پشت پناہی میں دہشتگردی جاری ہے:دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرانی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی مسلسل جاری ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ متنازع اور نفرت انگیز بیان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پروپیگنڈے کے ذریعے حقائق کو مسخ نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ملک کے دفاع اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
ترجمان نے بریفنگ میں بتایا کہ انڈونیشیا کے صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا حالیہ دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، اس دوران وزیراعظم نے انڈونیشیائی صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا، جب کہ متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
طاہر حسین اندرانی کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے ڈپٹی وزیراعظم کا ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ رابطہ ہوا، جب کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ بھی ٹیلیفونک گفتگو کی گئی، دونوں روابط میں غزہ کی تازہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:مسافروں سے بھری وین دریائے جہلم میں جا گری،12افراد لاپتہ
انہوں نے بتایا کہ رفاہ کراسنگ کھولنے کے حوالے سے اسرائیلی بیان پر پاکستان سمیت 8 اسلامی و عرب ممالک نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا ہے۔