فضائی حدود کی خلاف ورزی، پولینڈ اور نیٹو افواج نے روسی ڈرونز تباہ کر دئیے 

Sep 10, 2025 | 12:30:PM
فضائی حدود کی خلاف ورزی، پولینڈ اور نیٹو افواج نے روسی ڈرونز تباہ کر دئیے 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پولینڈ اور نیٹو افواج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے یوکرین پر حملے کیلئے بھیجے گئے روسی ڈرونز تباہ کر دیئے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ اور نیٹو افواج نے پڑوسی ملک یوکرین پر فضائی حملے کے دوران ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر روسی ڈرونز مار گرائے۔

پولینڈ کی فوج نے بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے اُس وقت کارروائی کی جب آج علی الصبح ایک درجن سے زائد روسی ڈرونز پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پولینڈ اور نیٹو افواج نے روس کے خلاف کوئی فوجی کارروائی کی ہو۔

پولینڈ کی مسلح افواج کی آپریشنل کمانڈ نے بتایا کہ روس کی طرف سے یوکرین میں اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے ڈرونز بھیجے گئے جنہوں نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈر کی درخواست پر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، تباہ شدہ ڈرونز کی تلاش جاری ہے۔

پولش فوج نے بتایا کہ کہ فضائی حدود کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فوجی طیاروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی حملے ریاستی دہشتگردی قرار،قطری وزیراعظم نے جارحیت کا بھر پور جواب دینے کا اعلان کردیا

آپریشنل کمانڈ کے مطابق پولش اور اتحادی لڑاکا طیارے ہماری فضائی حدود میں کام کر رہے ہیں جبکہ زمینی دفاع اور ریڈار کے نظام کو تیاری کی اعلیٰ ترین حالت میں لایا گیا ہے۔

پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے تصدیق کی کہ پولینڈ کی فضائی حدود کی متعدد خلاف ورزیوں سے متعلق آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

وزیر دفاع ولادیسلاو کوسینیک کامیز نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ طیاروں نے دشمن کے خلاف ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے، ہم نیٹو کمانڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔