نہاری بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے

Nov 10, 2025 | 15:31:PM
نہاری بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)نہاری کی دلچسپ تاریخ مغل دور میں اٹھارویں صدی کے آخر میں حیدرآباد اور پرانی دہلی میں ملتی ہے، جہاں نواب صبح سویرے اسے ناشتے میں کھاتے تھے، یہ عربی لفظ ’’نہار‘‘ سے نکلا ہے جس کا مطلب’’صبح‘‘ ہے، کیونکہ اسے صبح کے ناشتے میں استعمال کیا جاتا تھا، ابتدا میں یہ امیر نوابوں کا خاص کھانا تھا لیکن پھر مزدوروں کو بھی دیا جانے لگا جو اسے کھا کر دن بھر کام کرتے تھے۔

نہاری بنانےکیلئےدرکار اجزا:
 شاہ زیرہ ایک چھوٹا چمچہ، لال مرچ پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ، ہلدی پاؤڈر آدھا چھوٹا چمچہ، ثابت کالی مرچ آدھا چھوٹا چمچہ، لونگ آدھا چھوٹا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، بادیان کا پھول ایک یا 2 عدد، جائفل آدھا چھوٹا چمچہ، چھوٹی الائچی2 عدد، تیز پات ایک سے 2 عدد، دیگی لال مرچ ایک چھوٹا چمچہ، الائچی4 سے 5 عدد، دھنیا پاؤڈر ایک چھوٹا چمچہ۔

شوربے کیلئے: گھی آدھا کپ، گوشت بغیر ہڈی کا ایک کلو اور 2 عدد نلی، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک بڑا چمچہ، پانی ایک لیٹر، آٹا پانی ملا (5حصے پانی اور ایک حصہ آٹا)، ادرک لمبائی میں کٹی ہوئی، تازہ دھنیا کٹا ہوا، ہری مرچیں کٹی ہوئی اور لیموں کٹا ہوا سجانے کیلئے۔

نہاری بنانے کا طریقہ:
 ایک گرائنڈر میں شاہ زیرہ، لال مرچ، ہلدی، ثابت کالی مرچ، لونگ، نمک، بادیان کے پھول، جائفل، جاوتری، بڑی الائچی، چھوٹی الائچی، تیز پات، دھنیا پاؤڈر ڈال کر پیس لیں، نہاری مصالحہ تیار ہے، اب ایک پتیلے میں گھی گرم کرلیں، اس میں بوٹیاں اور نلیاں ڈال کر پکائیں، اس کے بعد اس میں نہاری مصالحہ ڈالیں اور اچھے سے بھون لیں پھراس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھے سے مکس کرلیں، اب پانی شامل کر کے مکس کریں اور پتیلی کو ڈھانک کر 15 سے 25 منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں جب تک گوشت گل نہ جائے، اب میدہ اور پانی کے مکسچر کو ڈال کر ہلائیں، درمیانی آنچ پر ڈھکن ڈھانک کر 10 سے 15 منٹ تک پکائیں تاکہ مکسر گاڑھا ہوجائے اور تیل اوپر آجائے، ادرک، مرچیں اور دھنیا کے ساتھ گارنش کر لیں اور نان کے ساتھ پیش کریں، مزے دار نہاری تیار ہے۔