چیک ریپبلک:شائقین کا گراؤنڈ پر ہنگامہ، میچ منسوخ کر دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) چیک ریپبلک میں کھیلا جانے والا اسلاویا پراگ اور اسپارٹا پراگ کے درمیان اہم فٹبال میچ شدید ہنگامے کے باعث مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا۔
میچ اس وقت 3-2 سے اسلاویا پراگ کی برتری میں جا رہا تھا اور کھیل اپنے آخری لمحات میں تھا، لیکن اضافی وقت کے دوران اچانک سینکڑوں اسلاویا کے شائقین گراؤنڈ میں داخل ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق کچھ شائقین نے جلتی ہوئی فلیئرز بھی میدان میں پھینکیں اور مخالف ٹیم کے شائقین کی طرف بھی چیزیں پھینکی گئیں، صورتحال بگڑنے پر کھلاڑیوں کو فوری طور پر گراؤنڈ چھوڑ کر محفوظ مقام کی طرف جانا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں:لیجنڈ کرکٹر، سابق کپتان کی اہلیہ کا دل دہلا دینے والا انکشاف
اسپارٹا پراگ کے گول کیپر نے الزام لگایا ہے کہ انہیں شائقین کی جانب سے دھمکی دی گئی اور ان پر حملہ بھی کیا گیا،ان کے مطابق یہ رویہ بالکل ناقابلِ قبول ہے اور وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کریں گے۔
ہنگامے کے بعد ریفری نے پہلے میچ کو عارضی طور پر روکا اور پھر سیکیورٹی اور پولیس کی مشاورت سے اسے مکمل طور پر منسوخ کر دیا۔
اب فٹبال حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ میچ کے نتیجے اور ذمہ دار کلب کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی۔