بڑی صنعتیں اورفرنس آئل پلانٹس بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں، وزیرِ توانائی

گزشتہ سال 276 ارب کی بجلی چوری ہوئی،پہلی بار بلوں کی ریکوری 96 فیصد تک لے آئے،اویس لغاری

Jul 10, 2025 | 15:10:PM
بڑی صنعتیں اورفرنس آئل پلانٹس بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں، وزیرِ توانائی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری  نے کہا ہے کہ صرف غریب نہیں بلکہ بڑی بڑی صنعتیں اور فرنس آئل پلانٹس بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں۔
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا کہ تقسیم کار کمپنیوں سے ہونے والے نقصانات عوام کے سامنے رکھنے ہیں،ڈسکوز نے سال 23,24 میں 591 ارب کے نقصانات کا بوجھ ڈالا، اگر یہ نقصانات نہ ہوتے تو ملک کا قرضہ اتارنے میں آسانی ہوتی۔
سرداراویس لغاری نے کہا کہ پوری حکومت اور کابینہ نے اس معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، حکومت نے بڑے عزم کے تحت ان ڈسکوز کو ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا اور ڈسکوز کے بورڈ میں اپنی سوچ اور حکمت عملی کے تحت تعنیاتی کی، پاور ڈویژن نے ڈسکوز میں سفارشات کا کلچر ختم کیا۔
اویس لغاری نےمزید کہا کہ ایک سال بعد گڈ گورننس کے تحت ڈسکوز کے نقصانات کو کم کرنے میں کامیاب ہوئے، وزیر اعظم کی لیڈر شپ اور ڈسکوز کے بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، 30 جون 2025 تک ڈسکوز کے نقصانات کو 191 ارب روپے کم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نےکہاکہ 100 ارب روپے بتدریج نقصانات کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، گزشتہ سال 591 ارب کے مقابلے اب 399 ارب کے نقصانات ہوئے، ڈسکوز میں دو طرح کے نقصانات ہیں، ڈسکوز نے گزشتہ سال بلوں کے 315 ارب روپے ریکور نہیں کیے تھےہم  پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بلوں کی ریکوری کو 96 فیصد تک لے کر گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 276 ارب روپے کی بجلی چوری کی گئی، کچھ ڈسکوز نے بہت اچھا کام کیا اور چوری کم کرنے میں کامیاب ہوئیں، نقصانات کی مد میں جو صرف بجلی چوری کے نقصان کم ہوئے وہ 10 سے 11 ارب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بڑھتی آبادی ہر شعبہ زندگی کو متاثر کر رہی ہے، وزیر خزانہ
اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری صرف غریب آدمی نہیں کرتا، بڑی بڑی صنعتیں اور فرنس آئل پلانٹس بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں، لیسکو نے سب سے بہتر کام کیا اور نقصانات کم کرنے میں کامیاب ہوئی، لیسکو نے بجلی چوری میں ملوث بہت بڑی کارروائی کی، ایک بڑی صنعت جتنی چوری کرتی ہے، اتنی چوری پورے ایک دیہات میں نہیں ہوتی، اس سال بہتری کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور آئندہ سال نقصانات مزید کم ہوں گے۔