آپ نے بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا ،وزیراعظم کی اکرام اللہ سے گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم شہبازشریف نے راولپنڈی بورڈ میں میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقے سے طالبعلم اکرام اللہ کاکڑسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز جب میں نے یہ خبر پڑھی کہ آپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا ،یہ سب اللہ تعالیٰ کا کرم ہے ، وہ انسانوں کو ذریعہ بنا دیتا ہے ، مجھے اللہ تعالیٰ نے توفیق دی اور آپ کیلئے ذریعہ بنایا.
وزیر اعظم شہباز شریف سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقے سے طالبعلم اکرام اللہ کاکڑ نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اکرام اللہ کاکڑ کا خاندان سیلاب سے شدید متاثر تھا ،2022 میں دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران اکرام اللہ سے امدادی خیمے میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں اکرام اللہ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور ان کے تعلیمی اخراجات براداشت کرنے کا اعلان کیا تھا ، آج یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ اکرام اللہ محنت سے اپنے اہداف کی طرف گامزن ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:ہانیہ عامر کی موٹر سائیکل پر سواری کے دوران ڈانس کی ویڈیو وائرل
وزیراعظم شہبازشریف نے اکرام اللہ کو یاد دلایا کہ گزشتہ ملاقات میں آپ نے سیاہ رنگ کی شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی ، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ اس دن بہت چمکتی دھوپ تھی اور آپ نے کہا تھا کہ ہمارے علاقہ میں کوئی سکول نہیں ، بچوں کو تعلیم کے حصول کیلئے بہت دور جانا پڑتا ہے ، مجھے تعلیم حاصل کرنے کا بڑا شوق ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پھر میں اکرام اللہ کو لارنس کالج لے آیا،گزشتہ روز جب میں نے یہ خبر پڑھی کہ آپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا ،اکرام اللہ کے اساتذہ اور والدین کی دعائیں اور آپکی محنت رنگ لائی ہے ،میں سمجھتا ہوں کے یہ بہت خوشی کی بات ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے طالب علم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب اللہ تعالیٰ کا کرم ہے ، وہ انسانوں کو ذریعہ بنا دیتا ہے ، مجھے اللہ تعالیٰ نے توفیق دی اور آپ کیلئے ذریعہ بنایا، آج آپ ایک بہترین ادارے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو اللہ تعالیٰ کاکرم ہے ۔ آپ نے بہت محنت کی ہے ، اس کالج نے بہت بڑے بڑے نام پیدا کئے ہیں ۔
طالب علم اکرام اللہ نے کہا کہ پچھلی مرتبہ میں نے آپ سے پوزیشن حاصل کرنے کا وعدہ کیا تھا جو میں نے پورا کیا اور آپ سے ملاقات کیلئے آیا ہوں ۔ یہ سب کچھ آپ کی بدولت ممکن ہوا، آپ سرپرستی نہ کرتے تو یہ کامیابی حاصل نہ ہوتی۔لوگ سیاست میں ہر کسی کیلئے کچھ نا کچھ کرتے ہیں لیکن آپ کا رویہ میرے ساتھ سیاست سے ہٹ کر تھا ، آپ نے بہت ہی پسماندہ علاقے سے ایک بچہ لیا اور اس کو لارنس کالج میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا ۔ ہمارے کالج میں ٹاپ تھری سٹوڈنٹس کو سکالر شپ ملتی ہے لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ میں ڈبل سکالر شپ حاصل کروں گا۔ میں پہلے بھی سکالر شپ پر پڑھ رہا تھا اور الحمد اللہ میں نے محنت کی اور مجھے یہ سکالر شپ ملی ہے ۔
اکرام اللہ نے کہاکہ میرےملک کا مجھ پر بہت بڑا قرض ہے اور میں مزید محنت کرونگا اور اپنی استعداد سے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کرونگا ۔
وزیر اعظم کے استفسار پر اکرام اللہ نے بتایا کہ میں کھیلوں کے ساتھ ساتھ تقریری مقابلوں میں بھی شرکت کرتا ہوں ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے طالبعلم اکرام اللہ کو خصوصی تحفہ بھی پیش کیا اور کہا کہ یہ تحفہ مستقبل میں آپ کی پڑھائی اور عملی زندگی میں بھی کام آئے گا ۔
یہ بھی پڑھیں:جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینا بڑی غلطی تھی،قوم سے معافی مانگتے ہیں،اسد قیصر