1973کا آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے:وزیراعظم کا پیغام

Apr 10, 2026 | 10:51:AM
1973کا آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے:وزیراعظم کا پیغام
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے یوم دستور کی مناسبت سے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ  1973 کا  آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، آئین عوام اور ریاست کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے سے منارہے ہیں، ہم دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئین عوام اور ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام ہے،  10اپریل1973کو منظور متفقہ آئین نے پارلیمانی جمہوری نظام حکومت کی بنیاد رکھی، 1973کا آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور معاشی ترقی کیلئے اپنا کردار سرانجام دے رہی ہیں، پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے اپنی ترقی وخوشحالی کاسفر جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریاستی اکائیاں تابندہ مستقبل کیلئے کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں، اللہ نے پاکستان کو جس عزت سے نوازا اس کیلئے ہمارے سر اس کے آگے سربسجود ہیں۔