’’بی جے پی کو ووٹ دو اورشادی کروائو‘‘ہریانہ بلدیاتی الیکشن میں انوکھے نعرے کی دھوم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )ہریانہ میں جاری بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران ایک نہایت دلچسپ اور انوکھا انتخابی وعدہ سامنے آیا ہے۔ پٹودی حلقے سے بی جے پی کی رکن اسمبلی بملا چودھری نے ریواڑی میں پارٹی امیدوار کی انتخابی ریلی کے دوران ووٹروں سے وعدہ کیا کہ اگر وہ بی جے پی کو ووٹ دیکر کامیاب بناتے ہیں تو علاقے کے کنوارے نوجوانوں کی شادیاں کرانے کی ذمہ داری وہ خود لیں گی۔
قہقہوں اور مذاق کے درمیان دئیے گئے اس بیان نے جنوبی ہریانہ میں برسوں سے جاری صنفی تناسب کے بحران اور نوجوانوں کی شادی نہ ہو پانے کے سنگین مسئلے، یعنی’’بیچلر کرائسز‘‘، پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی امیدوار ونیتا پپّل کی حمایت میں منعقدہ ریلی میں پٹودی کی ایم ایل اے کا بیان وائرل ہوگیا ہے، جبکہ اسٹیج پر موجود ہریانہ کی وزیر صحت آرتی راؤ نے بھی اس پر چٹکی لی ہے، انہوں نے ’’وِدھائیکہ جی نے تو میرج بیورو کھول لیا ہے۔‘‘
یہ معاملہ ریواڑی میونسپل کونسل کی بی جے پی امیدوار ونیتا پپّل کی حمایت میں جمعرات کو منعقدہ ایک انتخابی جلسے کا ہے۔ یہاں ووٹروں سے خطاب کرتے ہوئے بملا چودھری نے کہا کہ ’’آپ بس ہمیں ووٹ دے کر کامیاب بنائیے، ان کنوارے نوجوانوں کے گھر بسانے یعنی ان کی شادیاں کرانے کی پوری ذمہ داری میں لیتی ہوں۔
بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بملا چودھری نے اپنے بیان کا دفاع کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ پہلے بھی پلول اور آس پاس کے اضلاع کی لڑکیوں سے کئی کنوارے نوجوانوں کی شادیاں کروا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :کراچی: شدید گرمی کے باعث قومی ایتھلیٹک چیمپئن شپ ملتوی