سپن بولرز کا اسپیشلائزڈ کیمپ کل سے لاہور میں شروع ہوگا

Jun 09, 2023 | 15:44:PM
سپن بولرز کا اسپیشلائزڈ  کیمپ کل سے لاہور میں شروع ہوگا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) اسپنرز کیلئے خصوصی کیمپ ہفتے کے روز سے قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیرانتظام ہونے والے اس کیمپ میں کھلاڑیوں کو مختلف سیشنز میں سخت ٹریننگ کے ذریعے اپنی مہارت دکھانے اور فٹنس جانچنے کا  موقع ملے گا تاکہ وہ چیلنجنگ کنڈیشنز میں ٹریننگ کرکے خود کو سری لنکا کے دورے کیلئے تیار کرسکیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ ورلڈ ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے سری لنکا کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فخر زمان اور عابد علی کو کیمپ میں شامل کرلیا ہے جبکہ افتخار احمد اور اسامہ میر کو کیمپ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فہیم اشرف  بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز ملتوی کیے جانے کا امکان

10 جون کو اسپن بولرز کے کیمپ کے شیڈول کے مطابق تمام کھلاڑی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں صبح دس بجے سے بارہ بجے تک اور پھر ڈھائی بجے سے ساڑھے چار بجے تک ٹریننگ کریں گے۔

میڈیا کو صبح کے سیشن میں کوریج کی اجازت ہوگی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن صبح کے سیشن کے اختتام پر میڈیا سے بات کریں گے۔

11 اور 12 جون کو تمام کھلاڑی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں دوپہر ڈھائی بجے سے ساڑھے چار بجے تک ٹریننگ کریں گے۔

اسی طرح 13جون کو تمام کھلاڑی ڈھائی بجے سے ساڑھے چار بجے تک ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ کریں گے۔ 14 اور 15 جون کو دونوں دن ایل سی سی اے گراؤنڈ میں صبح اور دوپہر کے ٹریننگ سیشنز ہونگے۔ میڈیا دوپہر کے سیشن کی کوریج کرسکتا ہے۔

کیمپ میں مدعو کیے گئے اسپنرز میں ابرار احمد، علی اسفند،عرفات منہاس، فیصل اکرم، محمد جنید، مہران ممتاز، مبصرخان، نعمان علی، قاسم اکرم، ساجد خان، سفیان مقیم اور زاہد محمود شامل ہیں۔