فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے تقریب
141 طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، سکیم وزیر اعظم شہباز شریف کی دور اندیش قیادت کی مظہر ہے ،پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے تقریب کاانعقادکیاگیاجس میں141 ہونہار طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کی، جبکہ سابق وائس چانسلر پروفیسر شمسہ ہمایوں بطور چیف گیسٹ اور سابق ڈین و سربراہ شعبہ پیتھالوجی پروفیسر منزہ اقبال بطور گیسٹ آف آنر شریک ہوئیں،استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلرپروفیسرخالدمسعودگوندل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس پروگرام کو نوجوانوں کے لیے امید، اعتماد اور روشن مستقبل کی علامت قرار دیا۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے اس سنگِ میل کے حصول پر طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی دور اندیش قیادت کا مظہر ہے، جو نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ کو ایک امانت سمجھتے ہوئے اسے جدید تحقیق، ٹیکنالوجی اور علمی ترقی کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ سر گنگا رام ہسپتال اور گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں، جبکہ نرسنگ کے شعبے کی خدمات بھی قابلِ تحسین ہیں،انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دنیا کی خوشیاں اور غم عارضی ہیں جبکہ آخرت کی کامیابی دائمی ہے۔
مقررین نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متحرک قیادت اور نوجوان دوست پالیسیوں کو بھی سراہا اور کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا مشترکہ وژن اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کا ضامن ہے۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر شمسہ ہمایوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی عالمی درجہ بندی میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور پاکستان کی صفِ اول طبی جامعات میں شامل ہے، جس کا سہرا موجودہ قیادت اور اجتماعی کاوشوں کو جاتا ہے،لیپ ٹاپ اسکیم اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ نوجوان ملک کی ترقی کا محور ہیں،انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق لیپ ٹاپ کا دانشمندانہ استعمال کرتے ہوئے خود کو ایک کامیاب ڈاکٹر، محقق اور رہنما کے طور پر تیار کریں،انہوں نے حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کی جانب سے جدید سہولیات کی فراہمی کے اس اقدام کو بھی سراہا۔
تقریب میں پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد ندیم، ڈینز پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر بلقیس شبیر، پروفیسر عالیہ زاہد، پروفیسر شمیلہ اعجاز منیر، پروفیسر نوید اکبر ہوتیانا سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی فوجی طیارہ نور خان ائیربیس پہنچ گیا
تقریب کے اختتام پر طلبہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فراہم کیے گئے لیپ ٹاپ ان کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں نمایاں مددگار ثابت ہوں گے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تحقیق، جدت اور عالمی معیار کی تعلیم کے حصول میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا، ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا اور ملک کے روشن مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھنا ہے۔