محکمہ ایکسائز کی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی ساہی) محکمہ ایکسائز نے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق محکمہ ایکسائز نے گزشتہ سال کے مقابلے میں سوا 18 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 46 ارب 25 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا، جبکہ رواں سال اسی مدت میں 64 ارب 56 کروڑ روپے کی وصولی کی گئی۔
حکام کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طور پر 57 ارب روپے سے زائد مختلف ٹیکسز کی مد میں وصول کیے گئے تھے، جبکہ رواں سال مقررہ ہدف سے بھی 7 ارب روپے زائد وصولی کی گئی۔
مزید پڑھیں:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار آمد، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
محکمہ ایکسائز کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 23 ارب روپے اور موٹر ٹیکس کی مد میں 36 ارب 12 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔
اسی طرح ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 3 ارب 26 کروڑ روپے جبکہ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 1 ارب 14 کروڑ روپے کی وصولیاں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں محکمہ ایکسائز کو 73 ارب روپے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے مالی سال کے آخری دو ماہ میں ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق اہداف کے حصول کے لیے تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ٹارگٹ حاصل نہ کرنے والے انسپکٹرز اور ای ٹی اوز کو عہدوں سے ہٹانے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔