پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی پر سخت کریک ڈاؤن کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)حکومت پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے پر سخت کریک ڈاؤن کا حکم دےدیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی ، جس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا،اس موقع پر پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی، ڈیمانڈ اور ذخائر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد میں توازن کے لئے بچت پالیسی پر اتفاق ہوا۔
مریم نوازشریف نے زرعی استعمال کے لئے ڈیزل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا، اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مانیٹرنگ پر بھی اتفاق ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی جبکہ تمام اضلاع میں انتظامیہ کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیتے ہوئے پیرا اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال کی نگرانی اور کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپس پر عوام کو قطاروں میں نہ لگنا پڑے، پنجاب بھر میں کہیں بھی مقررہ نرخوں سے زائد پٹرولیم مصنوعات بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت کے لئے بند
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور دیگر ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ عالمی بحران کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں،مریم نواز نے اس موقع پرکہا کہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری قوم کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، معاشی تحفظ کے لئے فوری فیصلے ناگزیر ہیں۔