میوچل فنڈ سرمایہ کاروں کیلئے ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور تصدیقی نظام مزید آسان

Jul 08, 2026 | 13:21:PM
میوچل فنڈ سرمایہ کاروں کیلئے ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور تصدیقی نظام مزید آسان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)سرمایہ کاری کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے میوچل فنڈ سرمایہ کاروں کیلئے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے اور شناختی تصدیق (ویریفکیشن) کے عمل کو مزید سہل اور مؤثر بنا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت سرمایہ کاری کے نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرا رہی ہے تاکہ سرمایہ کار کم وقت میں، آسان اور محفوظ طریقے سے سرمایہ کاری کی سہولیات حاصل کر سکیں۔

اس کے ساتھ ہی پرائم منسٹر اپنا گھر پروگرام کے تحت نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (NBFCs) کو باضابطہ طور پر مالیاتی اداروں (Financial Institutions) کا درجہ دے دیا گیا ہے، جس سے ہاؤسنگ فنانس کے شعبے کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔

خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ملک کی پہلی ڈیجیٹل شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ پروڈکٹ "خودمختار خاتون" بھی متعارف کرا دی گئی ہے، جو خواتین کاروباری افراد کو اسلامی اصولوں کے مطابق مالی معاونت فراہم کرے گی۔

ذرائع کے مطابق شریعہ اسکریننگ فریم ورک کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، جس کے تحت قرض اور اثاثوں کے تناسب کی حد 33 فیصد مقرر کر دی گئی ہے تاکہ اسلامی مالیاتی اصولوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

علاوہ ازیں بروکریج ہاؤسز کو شریعہ کمپلائنٹ ونڈو آپریشنز شروع کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے، جس سے اسلامی کیپیٹل مارکیٹ کو فروغ ملے گا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور شریعہ کے مطابق مالیاتی خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہوگا۔

میوچل فنڈ ہے کیا۔۔۔

میوچل فنڈ (Mutual Fund) ایک ایسا سرمایہ کاری فنڈ ہوتا ہے جس میں متعدد سرمایہ کار اپنی رقوم جمع کراتے ہیں، اور ان رقوم کو پیشہ ور فنڈ مینیجرز مختلف مالیاتی اثاثوں، جیسے حصص (شیئرز)، بانڈز، سرکاری سیکیورٹیز اور دیگر سرمایہ کاری کے ذرائع میں لگاتے ہیں۔

سادہ الفاظ میں، میوچل فنڈ چھوٹے اور بڑے سرمایہ کاروں کی مشترکہ سرمایہ کاری کا ایک نظام ہے، جہاں ہر سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کے تناسب سے منافع یا نقصان میں شریک ہوتا ہے۔

  یہ بھی پڑھیں: کویت کا بجٹ خسارہ 23 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، تیل سے آمدنی میں نمایاں کمی