کراچی،گجر نالے پرتجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن

Feb 08, 2021 | 11:33:AM
کراچی،گجر نالے پرتجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)کراچی گجر نالے پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ، پہلے مرحلے میں عارضی تجاوزات کو ہٹایا جارہا ہے اور گھروں اور دکانوں کے اضافہ حصوں کو گرایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے سب سے بڑے نالے گجر نالے کو اصل شکل میں بحال کرنے اور نالے پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی اور آپریشن شروع کردیا گیا ، انسدادتجاوزات آپریشن کےلئے 3ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، کے ایم سی ،ضلعی انتظامیہ ،محکمہ کچی آبادی اورپولیس آپریشن میں شریک ہیں۔

واضح رہے کہ آپریشن کا آغاز نارتھ کراچی زیر وپوائنٹ سے کیا گیا  ، پہلے مرحلے میں عارضی تجاوازت کو ہٹایا گیا جبکہ گھروں اوردکانوں کے اضافہ حصوں کوگرا دیاگیا ، 30فٹ کی حدود میں قائم تمام تجاوازت ہٹائی جائیں گی۔آپریشن کے دوران کسی بھی مزاحمت اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر رینجرز ، پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ فورس کے جوان طلب کئے گئے ہیں۔

یاد رہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سینٹرل نے آپریشن کے لیے کمشنر ، انسداد تجاوزات سیل ،پویس و رینجرز حکام ، واٹر بورڈ ، سوئی گیس اور کے الیکٹرک حکام کو ہنگامی مراسلہ لکھا تھا ، جس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے ہیوی مشینری اور سیکیورٹی مانگی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن اینٹی انکروچمنٹ سیل کے ایم سی کرے گا، آپریشن کے ذریعے تیرہ کلو میٹر طویل گجر نالے کو 210 فٹ چوڑا کیا جائے گا ، گجر نالے کی بحالی میں پانچ ہزار مکانات اور 25 ہزار افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق گجر نالے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ماڈل ڈیزائن تیار کیا گیا ہے ، نالے پر 30 فیصد جگہ خالی کرانے کے لیے مارکنگ کردی گئی ہے ، گجر نالے کے دونوں اطراف 26 کلو میٹر رقبے سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا ، دونوں اطراف بائونڈری وال ، سڑک اور فٹ پاتھ تعمیر کی جائے گی۔حکام نے کہا کہ نالے میں پانی کا فلو تیز کرنے کے لیے بل کھاتے گجر نالے کی سمت کو بھی سیدھا کیا جائے گا ، نالے کو گہرا اور چوڑا کرنے سمیت صفائی کا کام بھی کیا جائے گا ، آپریشن کے دوران نالے کو مختلف مقامات پر 60 سے 80فیصد چوڑا کیا جائے گا۔