جڑواں شہروں میں طوفانی بارش، نالے بپھر گئے، سکول بند، فوج طلب

نالہ لئی کی سطح انتہائی بلند، پانی پل کو چھونے لگا،قریبی آبادی کے رہائشیوں کو انخلا کی ہدایت،نکاسی آب کا عمل جاری,48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں:این ڈی ایم اے

Sep 01, 2026 | 08:41:AM
جڑواں شہروں میں طوفانی بارش، نالے بپھر گئے، سکول بند، فوج طلب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش،نشیبی علاقے زیر آب،تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان  کر دیا گیا،نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی 28فٹ سے تجاوز کرگیا،گوالمنڈی پر پانی کی سطح ساڑھے 23 فٹ تک پہنچ گئی۔

 نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی 28فٹ سے تجاوز کرگیا،گوالمنڈی پر پانی کی سطح ساڑھے 23 فٹ تک پہنچ گئی،  شمس آباد 197 ،نیو کٹاریاں 182 اور گولڑہ 157 میں ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی،کٹاریاں کے مقام پر پانی ساڑھے 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کےمقام پرساڑھے 21 فٹ تک پہنچ گیا،گوالمنڈی سے ملحقہ علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

راجہ بازار،جامع مسجد روڈ اور امام باڑہ چوک میں بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا،آریہ محلہ، ملت کالونی، جاوید کالونی اور ڈھوک کھبہ سمیت متعدد نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

پیر ودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی میں گھر پانی سے بھر گئے، یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی ڈوب گئے، اعوان کالونی میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی ڈوب گیا۔

بارشوں کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جس کے باعث قریبی آبادی کے رہائشیوں کو انخلاء کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

چوہدری روڈ،سروس روڈصادق آباد،ڈھوک کالاخان اور موچی بازار میں بھی پانی جمع ہے،رین ایمرجنسی نافذکرتے ہوئے نشیبی علاقوں کےمکینوں کو انخلا کی ہدایت کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا میں ہلچل!جے ڈی وینس کے قریبی ساتھی مستعفی

دوسری جانب انتظامیہ نے راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیاہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس وقت کٹاریاں میں پانی کی سطح اپنے بلند ترین مقام پر ہے، اس کا اثر گوالمنڈی پر آرہا ہے، پاک فوج، ریسکیو 1122، پیرا اور تمام ادارے موجود ہیں، ابھی تک ہمیں 2 ایمرجنسی کالز موصول ہوئی ہیں، جن علاقوں میں پانی جمع ہوا وہاں معمول ہے، پانی اکھٹا ہو جاتا ہے، ٹرپل ون بریگیڈ ہمارے ساتھ رابطے میں ہے، پاک فوج کو نالہ لئی گوالمنڈی کے اطراف کے علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے، تمام ادارے ضلعی انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔

 ادھر اسلام آباد میں موسلادھار بارش  سے گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ایک زخمی  ہوگیا،چھت سیکٹر جی فورٹین تھری میں گری۔

حادثے میں 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا،65 سالہ شخص چھت گرنے کے حادثے میں زخمی ہو گیا،زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا امکان ہے۔

بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔