اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کے وکیل کی توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ روکنے کی استدعا

Oct 07, 2025 | 12:30:PM
اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کے وکیل کی توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ روکنے کی استدعا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)عمران خان کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے  ٹرائل کورٹ کو توشہ خانہ ٹو کیس کافیصلہ سنانے سے روکنے کی استدعا کردی۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے،سلمان صفدر نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس اب اختتامی مراحل میں ہے،ہم نےبریت کی درخواست گزشتہ سال دائر کی تھی،کیس میں انعام اللہ شاہ اور صہیب عباسی ملزمان بھی ہیں اور گواہ بھی ہیں۔ 

سلمان صفدر نے کہا کہ سائفر کیس کےساتھ ہی میرے موکل کو توشہ خانہ ون کیس میں سزا سنائی جاتی ہے، جو جج صاحب سزا دیتے ہیں وہ 342 کا بیان قلمبند کرنے کا موقع بھی نہیں دیتے،جس دن یہ چارج فریم ہوا دوسرا چارج ان کے سامنے پڑا تھا۔

اس موقع پر جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کیس میں تو اختیارات کا ناجائز استعمال بھی ہے نا؟ اس پر سلمان صفدر نے  جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جانب سے ضمانت کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سارا معاملہ اس میں لکھا ہوا ہے، جسٹس میاں گل نے اسی کیس میں دونوں ملزمان کو ضمانت دی تھی۔ 

مزید پڑھیں:بلوچستان ہائیکورٹ:کوئٹہ میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات مکمل کرنے کا حکم  

دوران سماعت وکیل بانی پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کو توشہ خانہ ٹو کیس کافیصلہ سنانے سے روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب کو کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیں، بطور ملزم بیان قلمبند کرانے کے لیے سوال نامے آگئے، کل جوابات مانگے ہیں، شاید پرسوں سزا بھی ہو، اگر آپ اسٹے نہیں دیتے تو میرے دلائل کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ 

اس موقع پر جسٹس انعام منہاس نے کہا کہ میں اس کیس میں نوٹس کرتا ہوں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ  آئندہ تاریخ سماعت بعد میں بتائی جائے گی۔