ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق عالمی کانفرنس، وزیراعظم کی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقات

Nov 07, 2022 | 15:46:PM
وزیراعظم کی ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق عالمی کانفرنس میں اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقات
کیپشن: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے شرم الشیخ میں کلائمیٹ امپلی منٹیشن کانفرنس کے موقع پر اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے شرم الشیخ میں کلائمیٹ امپلی منٹیشن کانفرنس کے موقع پر اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کی وجہ سے مرکز نگاہ رہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اہم عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جن میں عراقی صدر عبدالطیف راشد، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو اور لبنان کے وزیراعظم نجیب میکاتی شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کھانے کے تیل کی بلاتعطل فراہمی پر انڈونیشیا کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور وہاں کے لوگوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان سے بھی ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کی فراخ دلانہ امداد پر یو اے ای کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر سے موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کےحوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہوئے جانی اور مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیے: موسمیاتی تبدیلی صدی کا سب سے بڑا چیلنج ہے جس کا ہمیں سامنا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں پوری دنیا پر ایک ہی طرح سے اثرانداز ہورہی ہیں۔ جن کے لیے عالمی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور تعمیر نو کے کام میں عالمی برادری کی کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

اس سے پہلےشرم الشیخ کلائمیٹ امپلی منٹیشن کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس نے وزیر اعظم شہبازشریف کا استقبال کیا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف شرم الشیخ مصر میں آج مصروف دن گزاریں گے،جہاں وہ کانفرنس کے علاوہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس ٹیک آوٹ میں شریک ہوں گے۔وزیراعظم ایک اہم راؤنڈ ٹیبل جس کا عنوان ’’ارلی وارننگ فار آل ایگزیکٹو پلانز لانچ‘‘ ہے ،میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم سعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہ’’مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سمٹ‘‘ میں بھی شریک ہوں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی مصری صدر اور کویت کے امیر سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔