پاکستانی حجاج نےاس سال کتنی رقم خرچ کی؟تفصیلات سامنے آگئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضۂ حج ادا کیا جن پر مجموعی طور پر تقریباً 139 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 77 ہزار 743 حجاج نے 40 سے 45 روزہ لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیاجس کے تحت فی حاجی تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے گئے جبکہ اس پروگرام کے مجموعی اخراجات تقریباً 89 ارب 40 کروڑ روپے رہے۔
دوسری جانب 41 ہزار 467 حجاج نے 20 سے 22 روزہ شارٹ حج پروگرام کے تحت حج ادا کیا جو مجموعی سرکاری حج کوٹے کا 34.8 فی صد ہے،اس شارٹ حج پروگرام کے ہر حاجی نے تقریباً 12 لاکھ روپے ادا کیے اس مد میں مجموعی اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ روپے رہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والوں میں 50 ہزار 114 خواتین اور 65 ہزار 182 مردشامل تھے۔ لانگ حج پروگرام کے حجاج نے پہلی قسط میں 5 لاکھ روپے اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے جمع کرائے جبکہ شارٹ حج پروگرام کے حاجیوں نے پہلی قسط میں 5 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے۔
یہ بھی پڑھیں: آج سے 12جون تک ہیٹ ویو کا خدشہ؛محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
حجاج کو اضافی رہائشی سہولیات کے اختیارات بھی فراہم کیے گئے، دو بیڈ والے الگ کمرے کا انتخاب کرنے والوں نے فی کس 2 لاکھ روپے اضافی ادا کیے جبکہ تین بیڈ والے الگ کمرے کے انتخاب پر فی حاجی 67 ہزار روپے اضافی وصول کیے گئے۔
واضح رہے کہ مذکورہ 139 ارب 16 کروڑ روپے کے اخراجات میں پرائیویٹ حج اسکیم شامل نہیں جس کے تحتتقریباً 60 ہزار پاکستانیوں نے حج ادا کیاجس میں مختلف پیکجز کی مالیت 12 لاکھ روپے سے 40 لاکھ روپے تک رہی۔
،،،،،