یومِ دفاع وشہداء ملک بھر میں بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

Sep 06, 2025 | 09:10:AM
یومِ دفاع وشہداء ملک بھر میں بھرپور جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وطن عزیز کےدفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یومِ دفاع وشہداء آج بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یوم دفاع کے موقع پردن کاآغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپو ں کی سلامی سے ہوا،کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقدہوئی جس کے مہمان خصوصی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل شہریار خان تھے،پاکستان ائیرفورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز سمیت مختلف گیریژنز میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا،جنرل ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہداء پر تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف آف جنرل سٹاف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

راولپنڈی، ملتان، کوئٹہ اور کھاریاں گیریژنز میں بھی پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، تقاریب میں افسران، جوانوں اور شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، مادر وطن کے دفاع میں جان نثار کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، آج کا دن پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کی یاد اور شہداء و غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کی غماضی کرتاہے، دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی کابینہ میں ردوبدل، پاکستانی نژاد شبانہ محمود برطانیہ کی وزیر داخلہ مقرر

 یوم دفاع و شہداء کے موقع پر کوئٹہ گیریژن میں یادگار شہداء پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان تقریب کے مہمانِ خصوصی جبکہ گورنر بلوچستان گیسٹ آف آنر تھے،تقریب میں کور کمانڈر بلوچستان بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ موجود تھے،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یاد گارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے ایصال و ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی،تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام ، جوانوں اور شہداء کے لواحقین نے بھی شرکت کی، شرکاء نے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کے اس تاریخی دن ہمارے بہادر سپاہیوں نے قوم کی حمایت کے ساتھ کھڑے ہو کر کھلی جارحیت کا مقابلہ کیا، مسلح افواج نے اس دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جو ہتھیاروں اور تعداد میں ہم سے کہیں زیادہ تھا، ہمارے نڈر ہیروز کی جرأت آج بھی آنے والی نسلوں کو حوصلہ دیتی ہے۔ 
آئی ایس پی آر نے کہاکہ آج پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے ثابت قدم اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتی ہے، افواج پاکستان ہمیشہ بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں۔

 اسلام آباد میں یوم دفاع پر نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پر تقریب منعقدہوئی ،چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے،تقریب میں پاک بحریہ کے افسران اور شہدا کی فیملیز نے بھی شرکت کی،ایڈمرل نوید اشرف نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی،امیر البحر نے شہداءکے لواحقین سے ملاقات بھی کی۔
یوم دفاع کے موقع پرکور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی،کورکمانڈ لاہور نےاس موقع پرمہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نےیوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی،انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی،فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے ۔