برطانوی کابینہ میں ردوبدل، پاکستانی نژاد شبانہ محمود برطانیہ کی وزیر داخلہ مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے کابینہ میں بڑے پیمانے میں ردوبدل کردیا۔
یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی جب ڈپٹی وزیراعظم اینجلا رینر نے پراپرٹی ٹیکس کم ادا کرنے کی غلطی پر استعفیٰ دے دیا،اس فیصلے کے تحت وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کو ڈپٹی وزیراعظم بنا دیا گیا ہے جبکہ یویٹ کوپر کو نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیاہے، ان کی جگہ وزارت داخلہ کا قلمدان شبانہ محمود کو سونپا گیاہے جو اس سے قبل وزیر انصاف کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
44 سالہ شبانہ محمود کو لیبر پارٹی میں ایک مضبوط اور صاف گو سیاستدان سمجھا جاتا ہے، وزارت انصاف میں ان کی جرأت مندانہ اور عملی پالیسیوں کو نمایاں اہمیت دی جاتی رہی ہے۔
17 ستمبر، 1980 کو برمنگھم میں پیدا ہونےوالی شبانہ محمود کی والدہ کا نام زبیدہ اور والد کا نام محمود احمد ہے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کی نائب وزیراعظم انجیلا رینز عہدے سے مستعفی
اینجلارینر کا استعفیٰ وزیراعظم اسٹارمر کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہواہے جو پہلے ہی پارٹی کے اندرونی مسائل اور وزارتی استعفوں سے دوچار ہیں،رینر نے استعفے میں وزیراعظم سے معافی مانگتے ہوئے کہاہے کہ انہیں مزید ٹیکس مشورہ لینا چاہیے تھا، انہوں نے ڈپٹی پارٹی لیڈر کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا جس سے ڈیوڈ لیمی اس نشست کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔
سیاسی ماہرین کے مطابق یہ کابینہ ردوبدل وزیراعظم اسٹارمر کے لیے اپنی ساکھ بحال کرنے کی ایک کوشش ہے، تاہم اینجلارینر کی رخصتی نے لیبر حکومت پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔