جاسوسی کا خطرہ، اسرائیل امریکہ کی واچ لسٹ میں شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کو اسرائیل کی جانب سے امریکی حکام کی نگرانی اور معلومات حاصل کرنے کی کوششوں پر بڑھتی ہوئی تشویش لاحق ہوگئی ہے، جس کے بعد پینٹاگون نے امریکہ میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جاسوسی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسداد جاسوسی خطرے کی سطح کو بلند ترین درجے تک بڑھا دیا ہے۔
امریکی اور سابق امریکی حکام کے مطابق پینٹاگون کی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی (ڈی آئی اے) نے حالیہ ہفتوں میں یہ نئی تشخیص جاری کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر یہ درجہ بندی اس خدشے کے باعث کی گئی کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات، خصوصاً ایران سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کے اندرونی مشوروں، پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈی آئی اے کی جانب سے تیار کردہ سات صفحات پر مشتمل دستاویز میں اسرائیل کی جاسوسی اور تکنیکی ذرائع سے معلومات اکٹھی کرنے کی صلاحیت کو کریٹیکل لیول قرار دیا گیا ہے،رپورٹ میں متعدد ایسے واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جنہوں نے امریکی حکام کے خدشات میں اضافہ کردیا۔
دوسری جانب واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے نے ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل امریکی اداروں یا امریکی سرکاری حکام کے خلاف جاسوسی نہیں کرتا۔